کولکتہ، 9 دسمبر (آئی این ایس) بھارت پورکے رکن اسمبلی ہمایوں کبیر نے کولکتہ ہائی کورٹ کا رخ کرتے ہوئے اپنی جان کو خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ترنمول کانگریس نے حال ہی میں کبیرکو پارٹی سے معطل کر دیا تھا، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے بابری مسجد تعمیر کے معاملے پر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کی۔کبیر نے کہا ہے کہ انہیں 6 دسمبر سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، جس دن بلڈانگا میں بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے سیکورٹی پیش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے اسے قبول نہیں کیا۔کبیر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے مرکزی حکومت کی سیکورٹی قبول کی ہوتی تو ترنمول کانگریس ان پر بی جے پی سے تعلق کے الزامات لگاتی، اس لیے انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے اور وہ عدالتی حکم پر سیکورٹی قبول کریں گے۔ ترنمول کانگریس سے بغاوت کرنے والے اس رکن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ 22 دسمبرکو ایک نئی سیاسی جماعت شروع کرنے والے ہیں۔
