ہمایوں کبیر کی اسمبلی میں نشست تبدیل ہونے کا امکان

   

کولکتہ، 8 دسمبر (آئی اے این ایس) ترنمول کانگریس کے معطل بھرت پورکے ایم ایل اے ہمایوں کبیر کی مغربی بنگال اسمبلی میں نشست تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ پارٹی کے ایک سینئر رہنما کے مطابق یہ فیصلہ ان کی معطلی کے بعد لیا جا رہا ہے۔ انہیں مرشدآباد میں بابری مسجد طرز کی مسجد کی سنگِ بنیاد رکھنے کے متنازعہ فیصلے کے بعد پارٹی سے معطل کیا گیا تھا۔ ریاستی اسمبلی میں ٹی ایم سی کے چیف وہپ نرمل گھوش نے کہا کہ پارٹی اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہم صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ معطل ایم ایل ایز بشمول کبیرکی نشستوں کے بارے میں اگلے چند دنوں میں فیصلہ کیا جائے گا۔ کبیر، جنہیں پارٹی مخالف سرگرمیوں پر چھ سال کے لیے معطل کیا گیا ہے، نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ ترنمول کے ایم ایل اے ہی رہیں گے، یوں انہوں نے اپنے پہلے استعفیٰ کے اعلان سے پیچھے ہٹتے ہوئے نیا موقف اختیار کیا۔ پارٹی کے ذرائع کے مطابق، آنے والے سرمائی اجلاس اور عبوری بجٹ اجلاس سے قبل ان کی نشست تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بغاوت پر آمادہ ایم ایل اے سے فاصلہ رکھا جا سکے، کیونکہ موجودہ اسمبلی کی مدت اپنے اختتام کے قریب ہے۔ کبیر نے حال ہی میں عدالتی حراست سے رہائی کے بعد اسمبلی اجلاس میں شرکت کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ذرائع کے بموجب کبیر کو ممکنہ طور پر ایک اور معطل ٹی ایم سی ایم ایل اے پارتھا چٹر جی کے قریب بٹھایا جا سکتا ہے۔