ممبئی ، 28 جولائی (ایجنسیز) ہما قریشی ایسی اداکارہ کے طورپر معروف ہے جنہوں نے بھلے ہی زیادہ فلموں میں کام نہیں کیا لیکن جتنی فلموں میں انہوں نے کام کیا، اپنی منفرد چھاپ چھوڑی۔ ہما قریشی دہلی میں تاریخ کی پڑھائی کے دوران ہی ڈراموں میں کام کرنے لگی تھی۔ اس کے ساتھ ہی وہ بطور ماڈل بھی مصروف رہی۔ ہما قریشی 28جولائی 1986 کو نئی دہلی میں ایک مسلم گھرانے میں پیدا ہوئی۔ ان کے والد سلیم قریشی ’سلیمز‘ نامی ایک ریسٹورنٹ چین کے مالک ہیں۔ ان کی والدہ امینہ قریشی (کشمیری) گرہست خاتون ہیں۔ ہما نے یونیورسٹی آف دہلی سے ملحق گارگی کالج سے بی اے (آنرز) کیا۔ اس کے بعد انہوںنے’ایکٹ ون‘ نامی تھیٹرگروپ میں شمولیت اختیار کی اور چند ڈراموںمیں کام کیا۔ انہوں نے کئی این جی اوز کے ساتھ کام کیا ہے۔ اس کے بعد 2018 میںوہ ممبئی آگئی اور ہندوستان یونی لیور کے ساتھ 2 سال تک ٹیلی ویژن کے اشتہارات میں کام کرنے کا معاہدہ کرلیا۔اس دوران انہوں نے متعدد مصنوعات کے اشتہارات کیلئے کام کیا جن میں عامر خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ کئی اشتہارات شامل ہیں۔ اس دوران انوراگ کشیپ نے ان کی اداکاری کی صلاحیت کو دیکھا اور انہیں اپنی فلموں میں منتخب کرلیا۔ انہوں نے ہما قریشی سے 3 فلموں کا کنٹریکٹ سائن کروایاجس کے تحت انہوں نے گینگز آف واسے پور کے دوسرے حصے میں کام کیا۔اس کی وجہ سے انہیں بہترین سپورٹنگ ایکٹریس کے فلم فیئر ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا۔ ڈرائونی فلم ’ایک تھی ڈائن‘، بلیک کامیڈی فلم’ڈیڑھ عشقیہ‘ (2014)، بدلے پر مبنی ڈراما ’بدلاپور‘ (2015 )، مراٹھی میں روڈ ڈراما ’ہائی وے‘ (2015 )، جالی ایل ایل بی2 (2017 ) اور تمل ایکشن ڈراما ’کالا (2018) کے ذریعہ ان کا کریئر آگے بڑھتا رہا۔