عوام بھروسہ نہ کریں، حضورآباد میں ٹی آر ایس کامیاب ہوگی، ہریش راؤ کا دعویٰ
حیدرآباد۔3 ۔اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ جب بھی انتخابات آتے ہیں بی جے پی سیاسی ڈرامہ بازی کرتی ہے ۔ عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے اب ایٹالہ راجندر وہیل چیر پر عوام کے سامنے آئیں گے اس پر اسمبلی حلقہ حضور آباد کے عوام ہرگز بھروسہ نہ کریں بلکہ مغربی بنگال اور ٹاملناڈو کے طرز پر بی جے پی کو سبق سکھایئے ۔ سدی پیٹ کے ٹی آر ایس بھون میں ضلع کریم نگر کے حضور آباد منڈل کے ٹی آر ایس عوامی منتخب نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں کوئی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری نہیں ہورہی ہے ۔ اگر حضور آباد سے بی جے پی کامیاب ہونے پر بھی حلقہ کو ایک نئے پیسہ کا فائدہ نہیں ہوگا ۔ لہذا عوام اپنے ووٹ کو ضائع نہ کریں۔ ہریش راؤ نے ٹی آر ایس کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کو بی جے پی کے سیاسی ڈراموں سے واقف کرایئے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ریاست میں کئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کرایا گیا ۔ دلت بندھو اسکیم سارے ملک کیلئے مثالی اسکیم ثابت ہوگی ۔ جس پر چیف منسٹر کے سی آر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ ریاستی وزیر فینانس نے مرکزی حکومت پر سرکاری اداروں کو خانگی شعبوں میں تبدیل کرتے ہوئے ہزاروں افراد کو بیروزگار بنارہی ہے جبکہ ٹی آر ایس حکومت تاحال تلنگانہ میں 1.32 لاکھ ملازمتیں فراہم کرچکی ہے ۔ عنقریب مزید 50 تا 70 ہزار سرکاری ملازمتوں پر تقررات کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ماصی میں ایٹالہ راجندر ایک شخص کی طرح آئیں اور ایک شخص کی طرح واپس ہوگئے ۔ اسمبلی حلقہ حضور آباد میں ساری ٹی آر ایس چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں ایٹالہ کو اہمیت دی گئی ۔ تاہم انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی سے دغابازی کی ہے۔ حضور آباد میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو کوئی بھی طاقت روک نہیں سکتی ۔ ٹی آر ایس کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے چیف منسٹر کو یہ نشست تحفہ میں دینا ہے۔