وٹرنری ڈاکٹر کے پڑوسیوں کا احتجاج
حیدرآباد۔ یکم دسمبر (یو این آئی) ہمدردی نہیں بلکہ انصاف چاہئے نعروں کے ساتھ حیدرآباد میں 26سالہ وٹرنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت دری کے بعد اس کے قتل اور لاش کو جلادینے کی واردات کے خلاف اس کی کالونی نکشترا ولا میں رہنے والے پڑوسیوں نے احتجاج کیا۔اس احتجاج کے نتیجہ میں کچھ دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی۔ان پڑوسیوں نے اس گیٹیڈ کمیونٹی کالونی کے اصل باب الداخلہ کے قریب یہ احتجاج کیا۔بعض احتجاجیوں نے گیٹ کو قفل ڈال دیا جبکہ دیگر پڑوسیوں نے گیٹ کے باہر دھرنا دیا۔اس کالونی کی خواتین نے صرف ان ہی افراد کو اندر جانے کی اجازت دی جو اس کالونی سے تعلق رکھتے ہیں۔ان احتجاجیوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ پر وزیراعلی کے چندرشیکھرراو فوری ردعمل ظاہر کریں اور مقتولہ کے ساتھ انصاف کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ مقتولہ کے خاندان سے ملاقات اور ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اس کے ساتھ انصاف کیاجائے ۔مقامی افراد کے اس احتجاج پر پولیس نے بعض احتجاجیوں کو ان کے مکانات کو بھیجنے کی کوشش کی۔متقولہ کے خاندان سے ملاقات اور پُرسہ دینے کے لئے سی پی آئی ایم کے لیڈر جولاکنٹی رنگاریڈی وہاں پہنچے جس پر مقامی خواتین نے ان کو روک دیااور گیٹ کے قریب نعرے بازی کی۔ان خواتین نے کہاکہ ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے بلکہ انصاف کیاجائے ۔ان خواتین کی حمایت میں سی پی آئی ایم کے لیڈروں نے بھی گیٹ کے قریب بیٹھ کر احتجاج کیا۔