ہمدردی کی آڑ میں خاتون کو لوٹنے کا سنسنی خیز واقعہ لفٹ کے دوران چین چھین لی گئی

   

پولیس کو موٹر سائیکل سوار کی تلاش
حیدرآباد۔ ہمدردی کی آڑ میں خاتون کو لوٹنے کا سنسنی خیز واقعہ شاہ آباد میں پیش آیا۔ سائبرآباد پولیس نے اس واقعہ کے بعد فوری حرکت میں آتے ہوئے چوکسی اختیار رکرلی ہے اور موٹر سائیکل سوار کی تلاش شروع کردی ہے جس نے خاتون کو لفٹ دے کر اس کی طلائی چین چھین لیا۔ شاہ آباد کے علاقہ میں پیش آئے اس واقعہ کے بعد خاتون نے پولیس میں شکایت کردی اور سارے واقعہ کی تفصیلات سنائی۔ لاک ڈاؤن کے سبب خاتون طبی تشخیص کیلئے پریشان تھی۔ گوپی گڈہ علاقہ کی ساکن للیتا ہاسپٹل پہنچنا چاہتی تھی جو اس بھروسہ اپنے مکان سے نکلی کہ وہ کسی ٹیکسی، آٹو یا پھر کسی اور ذرائع سے ہاسپٹل پہنچ جائے گی۔ وہ سڑک پر گاڑی کے انتظار میں تھی کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل سوار اس کے قریب پہنچا اور اس خاتون سے انتظار کی وجہ دریافت کی۔ انسانی ہمدردی کی باتیں کرتے ہوئے اس نے خاتون کا بھروسہ حاصل کرلیا اور لفٹ دینے کی پیشکش کی اور للیتا اس کی موٹر سائیکل پر سوار ہوگئی۔ منزل کے قریب لے جانے کے بعد موٹر سائیکل سوار نے راستہ بدل دیا اور خاتون کو موٹر سائیکل سے اُتار کر اس کا منگل سوتر چھین لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے فرار ہوگیا۔ سائبرآباد پولیس مصروف تحقیقات ہے۔