ہمزہ شیخ انگلینڈ انڈر۔19ٹیم کے کپتان مقرر

   

لندن، 9 جولائی (آئی اے این ایس) ۔ ہندوستان کے خلاف 12 جولائی کو بیکنھم کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں شروع ہونے والے پہلے یوتھ ٹسٹ میچ کے لیے انگلینڈ انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں دائیں ہاتھ کے بیٹر ہمزہ شیخ کو کپتان مقررکیا گیا ہے۔ ہمزہ شیخ گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف بھی انڈر۔19 ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں اور2024 کے انڈر۔19 ورلڈ کپ میں بھی انگلینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ حالیہ جنوبی افریقہ کے دورے پر ٹیم کا حصہ نہیں تھے کیونکہ انہیں انگلینڈ لائنز اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا تھا۔ اس اسکواڈ میں دو کرکٹرز راکی فلنٹاف اورآرچی وان شامل ہیں، جو بالترتیب سابق کپتان اینڈریو فلنٹاف اور مائیکل وان کے بیٹے ہیں۔ راکی نے حالیہ یوتھ ونڈے سیریز میں ہندوستان کے خلاف 222 رنز بنائے تھے، جب کہ تھامس ریو جنہوں نے پانچ اننگز میں 280 رنز اسکورکیے، بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ آٹھ آٹھ وکٹیں لینے والے الیکس فرنچ اور جیک ہوم کو بھی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سباسٹین مورگن، جنہوں نے چار یوتھ ونڈے میچز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں، پہلی بار یوتھ ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔ ان کی ایک وکٹ 14 سالہ ہندوستانی بیٹر باز ویبھو سوریا ونشی کی بھی ہے، جنہیں ابھرتا ہوا اسٹار مانا جا رہا ہے۔ ہندوستانی نژاد کھلاڑی آریان ساونت، جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری بنائی تھی، کے ساتھ ایکانش سنگھ اور جے سنگھ کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پہلا ٹسٹ 12 تا 15 جولائی بیکنھم میں کھیلا جائے گا، جب کہ دوسرا یوتھ ٹسٹ 20 تا 23 جولائی تک چیلمسفرڈ کے ایمبیسیڈر کروز لائن گراؤنڈ میں ہوگا۔
انگلینڈ انڈر۔19اسکواڈ برائے پہلا یوتھ ٹسٹ: ہمزہ شیخ (کپتان)، تعظیم علی، جیڈن ڈینلی، راکی فلنٹاف، الیکس فرنچ، الیکس گرین، جیک ہوم، بین مائس، سباسٹین مورگن، جیمز منٹو، تھامس ریو، آریان ساونت، ایکانش سنگھ، جے سنگھ اور آرچی وان۔