بیدر: ہمناآباد میں گستاخانِ رسول ﷺ اور گستاخِ خواجہ اجمیری ؒکے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایک کل جماعتی ریلی13؍جون کو آل انڈیا امامس کونسل کی نگرانی میں نکالی گئی جو مسجد نور کے روبرو سے شروع ہوئی اور امبیڈکر سرکل پر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سید عرفان اللہ نے کہاکہ نپور شرما اور نوین جندل جیسے لوگ آریس یس کی شاخوں میں پلتے ہیں ۔ ان لوگوں نے دونوں جہاں کے آقائے نامدار ﷺ کی شان میں گستاخی کی ہے ۔ مسلم قوم دراصل بہانہ ہے دستور ہند نشانہ ہے۔ ملک کے نوجوانوں سے انہوں نے گذارش کی کہ وہ اپنے اندراللہ کے رسول کی سیرت کو اپنائیں اور مودی حکومت سے مطالبہ کیاکہ نپور شرما اور نوین جندل جیسے لوگوں پرسخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ مفتی تنویر امام کونسل تعلقہ صدر نے کہاکہ سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین اجمیریؒ کے بارے میں بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ حیدرآباد کے گستاخانہ کلمات اداکرنے پر اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مولانا بشیرنظامی نے کہاکہ ہم سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں ، لیکن نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کبھی برداشت نہیں کرسکتے۔ مفتی توصیف خان ضلع صدر آل انڈیا امام کونسل نے کہاکہ ملک کادستور کسی بھی ملک کے مذہبی رہنماؤں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اس کل جماعتی ریلی واحتجاجی مظاہرے میں اہل سنت الجماعت ، پاپولر فرنٹ آف انڈیا ، ایس ڈی پی آئی، امام کونسل ہمناآباد کے علاوہ یہاں کی معروف شخصیات جیسے عبدالباقی قریشی ، سید ظفراسلم ، عبدالکریم اظہر صدر پی ایف آئی، آصف اقبال صدر ایس ڈی پی آئی، شیخ مقصود سکریڑی ، سید اکبر ، عبدالرحمن گورے میاں ، حافظ نصیر ، حافظ انس ، حافظ الطاف ، حافظ محبوب ، مفتی سہیل ، محمد شکیل ، محمد جمیل کے علاوہ کثیرتعداد میں مسلمانانِ ہمناآباد نے شرکت کی۔ اس بات کی اطلاع جناب محمدجاوید احمد نے دی ہے۔