ہمنتا بسوا کی مودی کو ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کی دعوت

   

نئی دہلی، 5 نومبر (یو این آئی) آسام کے وزیراعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کر کے انہیں ریاست میں دو بڑی ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے لیے مدعو کیا ہے ۔ وزیراعظم کے دفتر(پی ایم او) نے بدھ کے روز بتایا کہ ہمنتا بسوا سرما نے منگل کی شام وزیراعظم مودی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ پی ایم او نے دونوں رہنماؤں کی ملاقات کی اطلاع دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آسام کے وزیراعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے کل شام وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وزیر اعلی ہمنتا بسوا سرما نے بھی اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ آج نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی جی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ ہم نے انہیں آسام کے عوام کے لیے دو اہم ترقیاتی منصوبوں گوہاٹی کے ایل۔ جی۔ بی۔ آئی۔ بین الاقوامی ہوائی اڈے کا نیا ٹرمینل اور نامروپ میں 10,601 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ براؤن فیلڈ امونیا۔یوریا کمپلیکس کے افتتاح کے لیے مدعو کیا ہے ۔ میں وزیراعظم کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے دعوت قبول کر لی ہے۔