ہمہ جہت ترقی کیلئے دینی اور دنیاوی تعلیم ضروری

   

النور اسکول بچکنڈہ کا سالانہ جلسہ ، جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کا خطاب

بچکنڈہ ۔5 مارچ ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بچکنڈہ میں 3 مارچ بروز اتوار شام 7 بجے النور انگلش میڈیم اسکول کا پہلا انیول ڈے پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا جس میں بحیثیت مہمانانِ خصوصی جناب عامر علی خان ایم ایل سی و نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد ، مفتی غلام یزدانی اشاعتی و صدر جمعیۃ العلماء الماس فاؤنڈیشن اسکول چیرمین ضلع بیدر نے شرکت کی ۔ اس پروگرام میں سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی اور بتایا کہ ایسا پروگرام بچکنڈہ میں نہیں دیکھا گیا ہے ۔ مہمانوں کا اہل بچکنڈہ کے باشعور سیاسی ملی قائدین نے استقبال کیا اور مہمانوں کا دل سے شکریہ ادا کیا ۔ النور اسکول کے طلبہ و طالبات نے جناب عامر علی خان ایم ایل سی اور مہمانوں کے سامنے کلچرل پروگرام پیش کیا ۔ جناب عامر علی خان نے طلبہ و طالبات کے پروگرام کو سن کر انتہائی خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ایک سالہ عرصہ میں تعلیمی مظاہرہ کو دیکھ کر النور اسکول کے بانی مولانا عبدالعلیم فاروقی اور لیڈی ٹیچرس اور مدرسہ جامعہ کی معلمات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے زبردست ستائش کی ۔ اس موقع پر جناب عامر علی خان نے کہا کہ مسلمانوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ان کی تعلیمی ترقی ضروری ہے اور اپنے بچوں کو دینی و عصری تعلیمات سے روشناس کریں ۔ تعلیم انسان کو پروان چڑھاسکتی ہے ۔ تعلیم ہی انسان کا ایک زیور اور پہچان ہے ۔ انھوں نے کہاکہ مسلمان مالدار اور غریب کے فرق کو ختم کریں اور اپنے بچوں کو دینی و عصری تعلیم سے آراستہ کریں۔ جناب عامر علی خان نے مشہور زمانہ شعر کہا ؎
ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز
نہ کوئی بندہ رہا اور نہ کوئی بندہ نواز
محمود غزنوی بادشاہ ہے اور اُن کا سپہ سالار ایاز تھا ۔ ان کے اس شعر کو سامعین نے خوب داد و تحسین سے نوازا اور انھوں نے قرآن کے حوالہ سے کہا کہ قرآن کو اپنی زندگی کا معمول بنائیں اور روزآنہ قرآن کو ترجملہ کے ساتھ پڑھیں، آپ کی زندگی میں سکون آئے گا ۔