ہیمیر پور ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع ہیر پور کے سمیر پور علاقے میں بارش کے دوران فصل کی حفاظت کرنے والے دو کسانوں کی بجلی گرنے سے موت ہوگئی ، جبکہ ایک شدید طور پر جھلس گیا۔ پولیس کے ذرائع نے یہ اطلاع منگل کو یہاں دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیر پور کے علاقے میں ماوئی جار گاؤں کا رہنے والا 46سالہ کسان رگھوویر کشواہا ، اپنے بیٹے دلیپ اور ایک رشتے دار 56 سالہ بلالادین کشواہا کے ساتھ پیر کی رات آوارہ جانوروں سے فصل کی حفاظت کے لئے کھیت گیا تھا۔ اسی دوران اچانک بارش کی وجہ سے تینوں درخت کے نیچے کھڑے ہوگئے ۔ تب اچانک تیز آواز سے درخت پر بجلی گری ، جس سے رگھوبیر اور بالادین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ، جبکہ دلیپ شدید جھلس گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دلیپ کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو فوری طور پر مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔