گزشتہ ماہ فسادات سے متاثرہ مسلم خاندان شدید مشکلات کے شکار ، ضلع کلکٹر و ایس پی سے نمائندگی
کیرامیری ۔16 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقرجینورکے ایک مسلم وفد کی جانب سے آج دفترضلع کلکٹر کمرم بھیم آصف آباد ودفترضلع سپر نٹنڈنٹ آف پولیس کمرم بھیم آصف آباد پہنچ کرضلع کلکٹر وینکٹیش دھوترے کو ایک تحریری یادداشت پیش کی گئی۔جس میں کہا گیا ہیکہ حالیہ دنوں مستقر جینور میں پیش آئے فرقہ وارانہ فسادات میں مسلمانوں کے کاروباری اداروں کو منصوبہ بند طریقے سے لوٹ کر انہیں نذر آتش کر دیا گیا اس کے علاوہ مساجد و مدرسہ کو بھی نشانہ بناکر نقصان پہنچا یا گیااورقرآن کی بے حرمتی کی گئی۔جس کی وجہ سے کارو باری ادارے مکمل بندہیں اوردکان مالکان کے علاوہ مقامی 1500تا 2000 خاندانوں کو پریشا نیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کئی سالوں سے یہاں رہائش پذیر ہیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے یہاں کاروبارکر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے آج تک دکانیں اور کاروباری ادارے مکمل بند ہیں۔جس سے غریب خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے ۔ مذکورہ بالا پریشانیوں کے سبب دکانداروں نے اپنا کاروبار جلد از جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ضلع کلکٹر وضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آصف آباد سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں محفوظ ماحول فراہم کریں تاکہ ہم اپنے کاروباری اداروں کو دوبارہ بحال کر سکیں اور ماضی کی طرح کے واقعات کادوبارہ اعادہ نہ ہو۔انہوں نے ضلع کلکٹر و ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے مطالبہ کیا کہ فساداتی تشددمیں ملوث تمام افرادکو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہو نے پائے۔ اس موقع پرسابق کوآپشن ممبر جینور افروز خان،سماجی کارکن شیخ جمیل،صدر ایم اے آزاد اسوسی ایشن جینور سید اسد علی،شیخ اسحاق،سید ابراہیم،شیخ امیر ودیگر موجودتھے۔