ہمیں کانگریس حکومت سے اِنصاف کی تو قع تھی: فرزند پہلو خاں

,

   

چارج شیٹ داخل کرنا افسوسناک کارروائی ، راجستھان کی پولیس پر سے بھروسہ اُٹھ گیا ، گاؤ دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ
الور(راجستھان)۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے علاقہ الور میں مہرور کے قریب یکم اپریل 2017ء کو مویشیوں کی اسمگلنگ کے الزام میں خود ساختہ گاؤ دہشت گردوں نے ایک مسلم شخص پہلو خاں اور دیگر دو ساتھیوں کو دبوچ لیا اور شدید زدوکوب کیا تھا جس سے پہلو خاں کی موت ہوگئی تھی۔ دو سال پرانے اس کیس میں راجستھان پولیس نے گاؤ دہشت گردوں کو کھلی جھوٹ دے دی لیکن پہلو خاں کے خلاف مویشیوں کی اسمگلنگ کا کیس درج کرتے ہوئے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پہلو خاں کے فرزند نے افسوسناک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کانگریس حکومت کی اس چارج شیٹ پر حیرت ہوئی ہے، یہ چارج شیٹ مویشیوں کی اسمگلنگ کے لئے ان کے مرحوم والد کے خلاف داخل کی گئی جبکہ راجستھان کے چیف منسٹر نے اس کیس کی دوبارہ تحقیقات کا تیقن دیا تھا اور کہا تھا کہ اس کیس میں کسی قسم کی خامیاں پائی گئی تو ایکشن لیا جائے گا۔ پولیس نے پہلو خاں کے علاوہ ان کے دو بیٹوں کے خلاف بھی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پہلو خاں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یہ گائے ، مویشی مارکٹ سے خریدی تھیں اور وہ انہیں گاؤں لے جارہے تھے۔ خود ساختہ گاؤ دہشت گردوں کے حملے میں وہ 3 اپریل 2017ء کو ایک خانگی دواخانہ میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکے تھے۔ ہجومی تشدد کے اس واقعہ نے ریاست میں ’’سیاسی طوفان‘‘ کھڑا کردیا تھا۔ پہلو خاں کے ارکان خاندان نے کہا کہ ہمیں یہ جان کا بے حد مایوسی ہوئی ہے کہ ان کے خلاف ہی راجستھان پولیس نے چارج شیٹ داخل کی ہے، لیکن ہمیں کانگریس حکومت سے انصاف کی توقع تھی، یہ چارج شیٹ غیرمتوقع ہے۔پہلو خاں کے بڑے بیٹے ارشاد خاں نے کہا کہ ’’ میرے والد کو ہجوم نے ہلاک کیا تھا۔ ہم یہ سمجھ رہے تھے کہ ریاست میں کانگریس کی نئی حکومت آنے کے بعد ہمارے ساتھ انصاف ہوگا‘‘۔ اس چارج شیٹ کو گزشتہ سال 30 ڈسمبر 2018ء کو ریاست میں کانگریس کے دوبارہ برسراقتدار آنے کے فوری بعد تیار کیا گیا۔چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے کہا کہ وہ بی جے پی کی سابق حکومت کی جانب سے درج کردہ کیس کی تحقیقات کروائیں گے ، لیکن اب ان ہی کی حکومت نے پہلو خاں اور ان کے دو بیٹوں کے خلاف ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ چارج شیٹ کے مطابق پہلو خاں اور ان کے دو بیٹوں 25 سالہ ارشاد اور 22 سالہ آصف کے خلاف گائے کی اسمگلنگ کے الزامات ہیں۔ ان پر دفعات 5، 8 اور9 راجستھان بوائن انیمل (ذبیحہ اور اسمگلنگ انسداد قانون 1995) کے تحت نافذ کئے گئے ہیں۔

پہلو خان کا نام چارج شیٹ میں
شامل نہیں، چیف منسٹر کی وضاحت
جئے پور ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) پہلو خان مرحوم جن کو 2017ء میں راجستھان میں انسانیت سوز انداز میں بہیمانہ تشدد کا شکار بناتے ہوئے ہلاک کردیا گیا تھا، اس واقعہ کے تعلق سے راجستھان پولیس کی پیش کردہ چارج شیٹ پر تنازعہ چھڑگیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ پہلو خان اور اُن کے فرزندوں کو مویشیوں کی اسمگلنگ کے کیس میں ماخوذ کیا گیا ہے۔ تاہم، چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے وضاحت کی ہے کہ پہلو خان کا نام ڈسمبر 2018ء کی چارج شیٹ میں نہیں ہے۔