بچاؤ راحت کے کاموں پر کے ٹی آر کی تنقید مسترد
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں حکومت کی جانب سے بچاؤ راحت کے کاموں میں ناکامی سے متعلق بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کے الزامات کو مسترد کردیا ۔ کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ متاثرہ اضلاع میں بچاؤ راحت کے کاموں پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں بارش اور سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر خود میدان میں اترجاتے تھے۔ بھٹی وکرمارکا نے کے ٹی آر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح چوکس ہے۔ چیف منسٹر اور ریاستی وزراء متاثر اضلاع کے عہدیداروں سے ربط میں ہیں اور بچاؤ راحت کے کام جنگی خطوط پر جاری ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کے ٹی آر معلومات کے بغیر من مانی بیانات دے رہے ہیں تاکہ حکومت کو بدنام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مانسون کے آغاز کے بعد سے ہی تلنگانہ حکومت نے ضلع کلکٹرس کو چوکس کردیا ہے۔ چیف منسٹر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کے سی آر کی طرح فارم ہاؤز میں آرام نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید کے بجائے اپوزیشن کو تعمیری تجاویز پیش کرنی چاہئے ۔1