ہم آہنگی رہے گی تو تہوار ہوگا:اکھلیش یادو

   

لکھنؤ:17 اکتوبر(یواین آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھیلش یادو نے دیوالی کے موقع پر ریاست اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تیوہار آپس میں محبت، ہمدردی اور ہم آہنگی کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی کی مٹی، کسی کا دیا، کسی کا سوت، کسی کی بتی، کسی کا تیل، کسی کی کھیر، کسی کا کپڑا، کسی کی سلائی، کسی کا کھووا، کسی کی مٹھائی، کسی کا کھلونا، کسی کا بتاشہ، کسی کی پھول جھڑی، کسی کا پٹاخہ-اگر ہم آہنگی برقرار رہے تو تہوار برقرار رہے گا۔ اکھیلش یادو نے کہا کہ کچھ لوگ تنگ نظر سیاست اور منفی سوچ کی وجہ سے تہواروں کی روح کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے لوگ دکھاوا کرنے کیلئے جشن منا سکتے ہیں، لیکن ان کے اندر حقیقی خوشی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں نفرت پھیلانے والے لوگوں کیلئے دعا کرنی چاہیے کہ وہ اپنے دل کی زہریلی سوچ سے آزاد ہوں اور خود احتسابی کریں کہ پہلے ان کے خیالات میں یہ کڑواہٹ کیوں نہیں تھی اور اب کیوں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب انسان منفی سوچ اختیار کرتا ہے تو وہ آہستہ آہستہ پرتشدد ہو جاتا ہے ، جس سے اس کی ذہنی اور جسمانی صحت پر بھی منفی اثر پڑتا ہے ۔ غصہ اور عدم برداشت سے اس کے خاندان اور سماجی تعلقات میں بھی تناؤ پیدا ہوتا ہے۔
ایس پی صدر نے سماج سے اپیل کی کہ سب لوگ مثبت سوچ اپنائیں، ہمدردی قائم رکھیں اور دیوالی کو خوشی، محبت اور اتحاد کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے کہا، “اچھا سوچیں، مثبت رہیں، خود خوش رہیں اور دوسروں کو بھی خوش رہنے دیں۔