ہم ابھی ٹورنمنٹ میں ہیں : بٹلر

   

کولکتہ ۔ راجستھان رائلز کے اوپنر جوس بٹلرکو یہ تسلیم کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے کہ انہیں گجرات ٹائٹنز کے خلاف پہلے کوالیفائر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بعض اوقات اپنی انا کو بھول کر اس کے ساتھ قائم رہنا پڑتا ہے۔ اس سیزن میں اورنج کیپ والے بٹلر نے 15 میچوں میں 718 رنز بنائے ہیں۔ انہیں پہلے کوالیفائر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور39 رنز بنانے کے لیے 38 گیندیں لگیں، اس کے بعد 18 گیندوں میں اگلے 50 رنز نے رائلز کو چھ وکٹ پر 188 رنز تک پہنچا دیا۔ سات وکٹوں سے میچ ہارنے کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس میں کہامیں وکٹ پر رہنا چاہتا تھا۔ یہ ہمارے لیے بڑا میچ تھا اور میں بڑا سکور چاہتا تھا۔ کبھی کبھی اپنی انا کو بھولنا پڑتا ہے۔ اگر مسئلہ آرہا ہے تو پھر آرہا ہے میں زیادہ گھبرایا یا پریشان نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا مخالف ٹیم چاہتی ہے کہ میں گھبرا جاؤں اور باہر نکلوں۔ مجھے اپنے آپ پر یقین تھا اور میں جانتا تھا کہ میں اپنی فام تلاش کروں گا۔ اس اننگز میں تھوڑی دیر ہوئی۔ رائلز کے کپتان سنجو سیمسن کے 26 گیندوں پر47 رنز نے بٹلر پر دباؤ ختم کیا۔ انھوں نے کہا شروع میں پریشانی تھی لیکن پھر سنجو نے آکر یہ اننگز کھیلی۔ اس نے مجھ سے دباؤ ہٹا دیا۔ میں کھیلتا رہا اور آخر میں تیز رنز بنائے۔ بٹلر نے کہا کہ ہم ابھی بھی ٹورنمنٹ میں ہیں اور ہمارے پاس اب بھی ایک موقع ہے۔ ہم مایوس ہیں لیکن اگلے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔