واشنگٹن ۔ امریکی وزیر خارجہ نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ افغانستان سے ممکنہ امریکی فوجی انخلاء کے منصوبے کے بارے میں یورپی ممالک کو مکمل معلومات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ اینتھونی بلنکن برسلز کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے مغربی دفاعی اتحاد ناٹو کے سکریٹری جنرل سے ابتدائی گفتگو کے بعد میڈیا کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا،امریکہ اور اس کے مغربی اتحادی ایک ساتھ افغانستان میں داخل ہوئے تھے اور اب اکٹھے ہی وہاں سے نکلیں گے۔‘‘ بلنکن ناٹو ہیڈکواٹرز میں دو روزہ مذاکرات کیلئے برسلز پہنچے ہیں۔نئی امریکی حکومت کے وزیر خارجہ اینتھونی بلنکن پہلی بار ناٹو کے ہیڈکواٹرز برسلز کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے مغربی دفاعی اتحاد کے سکریٹری جنرل ڑینس اشٹولٹن برگ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے بلنکن کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پائے جانے والے خطرات اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کے تناظر میں موجودہ وقت ناٹو کیلئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
