ہم افواہوں پر یقین کر لیتے ہیں، ہمارے رشتے ٹوٹ جاتے ہیں: شعیب

   

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنی زندگی کے تجربات سے سیکھے گئے ایک اہم سبق کو شیئر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سنی سنائی باتوں پر یقین کرنے سے نہ صرف رشتے خراب ہوتے ہیں، بلکہ یہ ذہنی پریشانیوں کا باعث بھی بنتی ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں شعیب نے اپنی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی۔ اگرچہ انہوں نے اپنی شادیوں اور طلاق کے تعلق سے براہِ راست کوئی بات نہیں کی، لیکن انہوں نے اپنے تجربات سے حاصل اسباق کو نہایت سادہ اور واضح انداز میں بیان کیا۔ انڈیا اور حیدرآباد کیلئے یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے بھی شعیب ملک کا طلاق ہوا۔ دونوں کا ایک بیٹا اذہان ہے۔ اذہان کی حال ہی میں سالگرہ ماں باپ نے علحدہ منائی ہے (تصویر ملاحظہ کیجئے)۔ شعیب نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے تجربات کے بارے میں کہا کہ یہ بہت سادہ بات ہے جو ہمارے کلچر سے جڑی ہے۔ میرا مشاہدہ ہے کہ ہم سنی سنائی باتوں پر بہت جلد یقین کر لیتے ہیں۔ یہ بات ہمیں فرسٹریشن یا مایوسی کی طرف لے جاتی ہے اور سب سے بڑھ کر یہ ہمارے رشتوں کو خراب کر دیتی ہے۔ پاکستانی کرکٹر نے مزید کہا کہ لوگ بہت سی سنی سنائی باتیں کرتے ہیں، لیکن آپ کو چاہئے کہ ایسی باتوں کو نظر انداز کردیں۔ اگر کسی نے کچھ بول دیا تو فطری طور پر غصہ آتا ہے، کیونکہ ہر شخص کی فطرت مختلف ہوتی ہے۔ کچھ لوگ ایسی باتوں کو سن کر بھول جاتے ہیں، کچھ کے دماغ میں یہ بات کچھ دنوں تک رہتی ہے، جب کہ کچھ لوگ فوری ردِ عمل ظاہر کرتے ہیں۔ لیکن بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ ایسی باتوں کو نظر انداز کریں اور مثبت ماحول برقرار رکھنے کی کوشش کریں۔ شعیب نے زور دے کر کہا کہ زندگی میں سکون حاصل کرنے کیلئے مثبت سوچ اور مثبت ماحول ضروری ہے۔ عملی زندگی کے تجربات کی روشنی میں شعیب کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں دل، دماغ، ہاتھ، پیر جیسی بے شمار نعمتیں دی ہیں۔ ہمیں انہیں مثبت چیزوں میں استعمال کرنا چاہیے۔ شعیب نے میمز بنانے والوں سے کہا کہ ہنسی مذاق ضرور کریں، اچھی میمز بنائیں، لیکن یہ مذاق ذاتی حملے کی شکل اختیار نہ کریں۔ شعیب ملک کی ان باتوں کے بعد ایسا تاثر ابھر رہا ہے کہ ان کی ثانیہ مرزا سے تعلقات خراب ہونے اور طلاق کی وجہ ’’سنی سنائی باتیں‘‘ ہوسکتی ہیں۔