ہم امن کے خواہاں لیکن کمزور نہیں :شہباز شریف

,

   

ہندوستان پر کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہیکہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔شہباز شریف نے جمعہ کو پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان رسالپور میں پاسنگ آئوٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاک فضائیہ کی اکیڈمی میں اعلیٰ معیار اور ڈسپلن دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، پاس آئوٹ ہونیوالے کیڈٹس مستقبل کا اثاثہ ہیں، ان کیڈٹس کو کامیابی ان کی مسلسل محنت اور غیر متزلزل عزم کے باعث ملی ہے، پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا، پاک فضائیہ دنیا بھرمیں بے مثال مہارت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ کہ پاک فضائیہ نے فروری 2019 میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، گزشتہ دو عشروں کے دوران قوم نے دہشت گردی، انتہاپسندی اورشدت پسندی کا سامنا کیا، پاک فوج سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس ناسورکا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے۔