ہم اپنے گھر میں تلسی اُگاتے ہیں، گانجہ نہیں: ادھو ٹھاکرے

,

   

Ferty9 Clinic

سشانت سنگھ معاملہ میں کنگنا راناوت پر درپردہ تنقید، ممبئی پولیس پر مجھے فخر ہے، وجئے دشمی ریالی سے روایتی خطاب

ممبئی : مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے پہلی بار سشانت سنگھ راجپوت خودکشی معاملہ میں لب کشائی کرتے ہوئے سازش کے پہلوؤں پر اپنے خیال کا اظہار کیا جس میں نہ صرف آنجہانی کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو نشانہ بنایا جارہا ہے بلکہ اُن کے (ادھو) بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کو بھی گھسیٹا جارہا ہے۔ وجئے دشمی پر شیوسینا کی ہر سال منعقد کی جانے والی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ادھو نے درپردہ فلم اداکارہ کنگنا راناوت کو بھی نشانہ بنایا جس نے نہ صرف ممبئی شہر بلکہ ممبئی پولیس اور اُن کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے پر بھی کڑی تنقیدیں کی تھیں اور یہ بھول گئی تھیں کہ ممبئی نے ہی اُنھیں دولت، شہرت اور عزت دی۔ سشانت سنگھ بہار کے تھے لیکن مہاراشٹرا کے نوجوانوں کو آخر کیوں نشانہ بنایا جارہا ہے؟ یہ کھیل اب بدصورتی اختیار کرگیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ خودکشی کرنے والا تو بہار کا تھا لیکن مہاراشٹرا کے لوگوں کو اس میں گھسیٹا جارہا ہے۔ کسی کو کچھ بھی کہنا ہے تو وہ اُسے اپنی حد تک رکھے۔ جہاں تک ہمارا سوال ہے ہماری شبیہ بالکل صاف و شفاف ہے۔ کنگنا راناوت کا نام لئے بغیر اُنھوں نے کہاکہ جو لوگ انصاف کی دہائی دے رہے ہیں وہ لوگ ممبئی پولیس کو ناکارہ قرار دے رہے ہیں اور ممبئی کو پاکستان مقبوضہ کشمیر (PoK) کہہ رہے ہیں۔ منشیات کے عادی تو ہر جگہ ہوتے ہیں اور اس طرح کا واویلا مچاکر آخر کیا ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہم اپنے گھر میں تُلسی اُگاتے ہیں گانجہ نہیں۔ گانجہ کی کھیتی آپ کی ریاستوں میں ہوتی ہے، مہاراشٹرا میں نہیں۔ ادھو ٹھاکرے کا اشارہ کنگنا کی جانب ہی تھا جن کا تعلق ہماچل پردیش سے ہے۔ مجھے ممبئی پولیس پر فخر ہے کہ کس طرح اُس نے 26/11 کے کلیدی ملزم اجمل قصاب کو گرفتار کیا اور بالآخر اُسے پھانسی دلاکر ہی چین کی سانس لی۔ ممبئی کو پاکستانی مقبوضہ کشمیر (Pok) کہنا بھی وزیراعظم کی بے عزتی کے مترادف ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ سشانت سنگھ معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی، ای ڈی اور این سی بی کی جانب سے کی گئی لیکن ریا چکرورتی کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آئے سوائے اس کے کہ ریاچکرورتی نے یہ انکشاف کیاکہ وہ ممنوعہ منشیات خریدنے کے لئے سشانت کی مدد کیا کرتی تھی۔ یہ الزامات بھی عائد کئے گئے تھے کہ ریا چکرورتی اور اُس کے رشتہ دار سشانت کے پیسے چُرایا کرتے تھے اور اُنھوں نے ایسے حالات پیدا کردیئے کہ سشانت خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے۔ ادھو ٹھاکرے کے بارے میں ابتداء سے ہی یہ کہا جاتا ہے کہ وہ میڈیا پبلسٹی کے زیادہ بھوکے نہیں ہیں اور نہ ہی وہ کبھی کسی تنازعہ میں پڑے۔ یہی بات اُن کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کے بارے میں کہی جاتی ہے۔ کالج اور یونیورسٹی سطح پر وہ ایک نوجوان قائد کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ریاستی سیاست میں قدم رکھنے کے بعد بھی اُن کی شبیہ نہیں بگڑی ہے۔ پچھلے دنوں ممبئی کے ناگپاڑہ میں واقع ایک شاپنگ مال میں آگ لگنے کے حادثہ کے بعد آدتیہ ٹھاکرے فوری طور پر جائے حادثہ پہنچ گئے تھے اور بچاؤ کاری کا بہ نفس نفیس مشاہدہ کیا تھا۔