پاناجی 11 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ان قیاس آرائیوں کے درمیان کہ چیف منسٹر گوا پرمود ساونت اپنی کابینہ سے ایک حلیف جماعت گوا فارورڈ پارٹی کے کچھ ارکان کو باہر کرسکتے ہیں ‘ گوا فارورڈ پارٹی نے آج کہا کہ پارٹی اچھے اور برے دونوں ہی وقتوں میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ۔ واضح رہے کہ ریاست میں قائد اپوزیشن چندر کانت کاولیکر کی قیادت میں کانگریس کے 10 ارکان اسمبلی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ اس تبدیلی کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ پرمود ساونت حلیف جماعت کے کچھ ارکان کو کابینہ سے باہر کرسکتے ہیں۔ بی جے پی زیر قیدات حکومت کو جی ایف پی کے تین ارکان اسمبلی کی تائید حاصل ہے اور یہ تینوں ہی وزیر ہیں۔ اس کے علاوہ تین آزاد ارکان کی بھی حکومت کو تائید حاصل ہے جن میں دو ارکان کو کابینہ میں جگہ دی گئی تھی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے گوا فارورڈ پارٹی کے صدر و ڈپٹی چیف منسٹر وجئے سردیسائی نے کہا کہ انہوں نے حالیہ تبدیلیوں پر ابھی کسی سے تبادلہ خیال نہیں کیا ہے ۔ حالات اچھے ہوں یا برے ہوں ان کی پارٹی نے ہمیشہ ہی حکومت کی تائید کی ہے اور حکومت کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی رہی ہے ۔