ہم اگلے سال قومی راکٹ کے ساتھ چاند کی سطح پر اتریں گے :اردغان

,

   

متحدہ عرب امارات کے ساتھ خلاء اور دیگر سائنسی تعاون کے شعبوں میں مشترکہ کارروائیوں پر زور

انقرہ : ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ترکی آئندہ سال اپنے تیار کردہ قومی راکٹ کے ساتھ چاند کی سطح پر بمپی لینڈنگ کرے گا۔صدر اردغان نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں متحدہ عرب امارات اور ہماری خلائی ایجنسیوں کے درمیان فعال تعاون اور تجربات کا تبادلہ ہمارے مشترکہ مفاد میں ہو گا۔انہوں نے کل دبئی ایکسپو عرب امارات پویلین میں نوجوانوں کے ساتھ ملاقات کی۔نوجوانوں سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ترکی اور عرب امارات کے درمیان رابطے اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے ہم نے نئے اقدامات کئے ہیں۔ اس دائرہ کار میں ابو ظہبی میں نوجوانوں کے شعبے میں تعاون سے متعلق ایک میمورینڈم پر دستخط کئے گئے ہیں اور اس طرح نوجوانوں کے خیالات کو حقیقت بنانے کے راستے کی ایک اور اہم رکاوٹ دْور کر دی گئی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ نوجوان بھی اس میمورنڈ م کی روح کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ضروری کوششیں کریں گے۔نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے صدر اردغان نے کہا ہے کہ ہم آپ سے ترکی اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قلبی سفیر بننے کی توقع رکھتے ہیں۔ بحیثیت دوست اور برادر ملک کے ہمارے درمیان تعاون کا ایک وسیع اور متنوع میدان ہے۔ خاص طور پر خلائی پروگراموں اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہم ایک ہی ویژن کے حامل ہیں۔ ہم نے، ایک طویل منصوبہ بندی اور محنت سے شروع کئے گئے قومی خلائی پروگرام کا گذشتہ سال اعلان کیا ہے۔ انشاء اللہ آئندہ سال یعنی جمہوریہ ترکی کی 100 ویں سالگرہ کے موقع ہر ہم قومی راکٹ کے ساتھ چاند کی سطح پر بمپی لینڈنگ کریں گے۔صدراردغان نے خلاء، ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپ کمپنیوں اور سائنسی تعاون جیسے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ کاروائیوں میں تیز رفتار اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا ہے کہ ہم صرف اسی شکل میں اپنے خیالات اور اہداف کو حقیقت بنا سکتے ہیں۔ میں، آپ کی روشن آنکھوں میں اس عزم، یقین اور حوصلے کو دیکھ رہا ہوں۔

اردغان کی دو روزہ دورہ امارات کے بعد واپسی

انقرہ : ترکی کے صدر رجب طیب اردغان متحدہ عرب امارات کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے۔عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے حوالے سے خبر جاری کی گئی ہے کہ ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے صدارتی ٹرمینل پر ترکی کے صدر کو نائب وزیراعظم اور صدارتی امور کے وزیر شیخ منصور بن زاید النہیان سمیت متعدد دیگر حکام نے رخصت کیا۔صدر طیب رجب کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران سیکیورٹی، معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے حوالے سے کئی معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت پہنچنے پر ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید النہیان نے ان کا استقبال کیا۔ترک صدر کا دورہ 2013 کے بعد امارات کے لیے یہ پہلا دورہ تھا، دونوں ممالک علاقائی تنازعات سے منسلک بحرانوں سے گزرے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے ترکی کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں ممالک نے کئی معاہدوں پر دستخط بھی کئے تھے۔اپنے حالیہ دورے کے دوران ترک صدر نے کہا ہے کہ ان کے دورے کا مقصد یو اے ای کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی اور پانی اور خوراک کی حفاظت جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اردغان کی امارات کے ساتھ13 سمجھوتوں پردستخط
ابوظبی : ترک صدر امارات کے دورے پر پہنچ گئے ، جہاں انہوں نے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہان سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان 13 سمجھوتوں پردستخط کیے گئے،جن میں دفاع، صحت، ماحولیاتی تبدیلی، صنعت، ٹیکنالوجی، ثقافت، زراعت، تجارت، معیشت، نقل وحمل، مواصلات کے شعبے شامل ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان 2013 ء کے بعد متحدہ عرب امارات کے بعد ابوظبی پہنچے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زوردیا کہ ترکی اور امارات خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے اور درپیش بحرانوں کے پرامن حل کی کوششوں کی حمایت کریں گے۔