نئی دہلی، 18 نومبر (یو این آئی) کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی فہرست کی خصوصی جامع نظر ثانی (ایس آئی آر) ایسے وقت میں کر رہا ہے جب جمہوری نظام پر عوام کا اعتماد متزلزل ہوچکا ہے ۔ اس لیے الیکشن کمیشن کو اپنے طرز عمل سے ثابت کرنا چاہیے کہ وہ حکمراں پارٹی کے اشارے پر کام نہیں کر رہا ہے ۔ کانگریس پارٹی نے کھرگے اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی موجودگی میں منگل کے روز یہاں اندرا بھون میں ان 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے صدور، جنرل سکریٹری انچارج، ریاستی جنرل سکریٹری اور دیگر لیڈروں کی میٹنگ بلائی جہاں الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر مہم کا آغاز کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی کارروائی سے آئینی اداروں کے جمہوری حفاظتی تدابیر کی حفاظت کرے گی۔ ملک ارجن کھرگے نے سوشل میڈیا پر لکھا، کہ ہم نے ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے انچارج جنرل سکریٹری، ریاستی جنرل سکریٹری، ریاستی صدور، قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈروں، اور متعلقہ ریاستوں کے انچارج سکریٹری اور سکریٹریوں کے ساتھ جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا۔