اقوام متحدہ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے فوجی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے درمیان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے آج تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جیوپولیٹیکل کشیدگی اس وقت اپنے عروج پر ہے اور اس کشیدگی کو جاریہ صدی کی سب سے بڑی کشیدگی کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بعض ممالک انتہائی غیرمنطقی اور غیرمتوقع فیصلے کررہے ہیں جس سے خود ان کے مستقبل کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ سال 2020ء کا آغاز جس وقت ہوا دنیا میں ہر طرف سیاسی بے چینی پائی جاتی ہے۔ ہم ایک خطرناک زمانے میں سانس لے رہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی اور ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ جغرافیائی و سیاسی نوعیت کی کشیدگی میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے جس کے مستقبل قریب میں کم ہونے کے آثار نظر نہیں آتے۔