بیڑ 18 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی کے سربراہ شردپوار نے مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس پر جوابی وار کے طور پر طنزیہ انداز میں کہاکہ ’ہم بچوں سے نہیں لڑتے‘۔ قبل ازیں فڈنویس نے کہاکہ انتخابات میں ان سے مقابلہ کرنے کے لئے مہاراشٹرا میں اب کوئی پہلوان نہیں رہا۔ چیف منسٹر نے کہا تھا کہ انتخابی میدان جنگ میں ان کے پہلوان ہیں لیکن اپوزیشن کی طرف سے دنگل میں کوئی پہلوان نظر نہیں آرہا ہے‘۔ شردپوار نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’یہاں ایک تنظیم مہاراشٹرا اسٹیٹ ریسلنگ اسوسی ایشن ہے جس کے صدر کا نام شردپوار ہے‘۔ 78 سالہ شردپوار نے کہاکہ ’میں تمام پہلوانوں کے ساتھ کھڑا ہوں اور وہ (فڈنویس) پہلوانوں کی بات کررہے ہیں۔ لیکن ہم بچوں سے نہیں لڑتے‘۔