لندن۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان ایان مورگن سمجھتے ہیں کہ انگلش ٹیم اپنی بیٹنگ حکمت عملی سے ہٹ گئی ہے جس کی وجہ سے اسے یکے بعد دیگرے دو مقابلوں میں ناکام کا سامنا کرنا پڑا جس سے سیمی فائنل کی اس کی راہ مشکل ہوچکی ہے۔ انگلینڈ کو 2015ء کے بعد سے اپنی سرزمین پر یکے بعد دیگرے دو مقابلوں میں شکست نہیں ہوئی لیکن رواں ورلڈ کپ میں پہلے اسے ہیڈنگلی میں سری لنکا کے خلاف 233 رنز کے تعاقب میں 64 رنز کی شکست ہوئی جبکہ گزشتہ مقابلے میں اسے آسٹریلیا کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان ناکامیوں پر انگلش کپتان مورگن نے کہا کہ ان مقابلوں میں ہم بیٹنگ کیلئے جدوجہد کئے ہیں، حالانکہ یہ ہماری بیٹنگ کا منترا نہیں کیونکہ ہم نے حالیہ برسوں میں جارحانہ کرکٹ کھیلی ہے۔ 280 رنز کا تعاقب ہمارے لئے مشکل نشانہ نہیں ہے لیکن گزشتہ مقابلے میں 230 رنز پر آؤٹ ہونا یقیناً مایوس کن ہے۔
یہ ہنوز ہمارا ورلڈ کپ ہے : اسٹوکس
لندن۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف یکے بعد دیگرے دو ناکامیوں کے باوجود ان عزائم کا اظہار کیا ہے کہ رواں ورلڈ کپ ہنوز میزبان ٹیم کا ہے۔ انگلینڈ کو سری لنکا کے خلاف 20 رنز اور آسٹریلیا کے خلاف 64 رنز کی شکست ہوئی جس کی وجہ سے سیمی فائنل میں اس کی رسائی کے امکانات کو شدید دھکا لگا ہے۔ انگلش ٹیم ہنوز 10 ٹیموں کے جدول چوتھے مقام پر فائز ہے جسے 7 مقابلوں میں 8 نشانات حاصل ہوئے ہیں۔ سیمی فائنلس میں رسائی سے قبل اسے 30 جون کو ہندوستان اور پھر 3 جولائی کو نیوزی لینڈ کے خلاف سخت ترین مقابلوں کا سامنا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف شکست کے باوجود اسٹوکس نے کہا کہ یہ ہنوز ہمارا ورلڈ کپ ہے کیونکہ ہم نے گزشتہ چار برسوں کے دوران شاندار کرکٹ کھیلی ہے اور ساتھ ہی شائقین کا ہمیں بہت زیادہ تعاون بھی رہا ہے۔
لارا دواخانہ سے ڈسچارج
ممبئی۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے عظیم کرکٹر برائن لارا کو آج صحت مند قرار دیتے ہوئے دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ 50 سالہ لارا جوکہ گزشتہ روز سینہ میں تکلیف کی شکایت کی تھی ، اس پر انہیں یہاں گلوبل ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ لارا نے جم میں روزانہ ورزش کے دوران سینہ میںتکلیف کی شکایت کی تھی، تاہم اب انہیں دوپہر دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ لارا کی جانب سے صرف اتنا کہا گیا ہے کہ وہ صحت مند ہیں جبکہ کسی اور تفصیلات کا اظہار نہیں کیا گیا۔ لارا جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے لئے 131 ٹسٹ مقابلوں میں 52.89 کی اوسط سے 11,953 اسکور کئے جبکہ 299 ونڈے مقابلوں میں 10,445 رنز 40.17 کی اوسط سے بنائے ہیں۔