ہم بی جے پی ، آر ایس ایس سے ہوئے نقصان کو دور کرینگے

,

   

کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کا بنیادی مقصد ۔ صدر پارٹی بننا میرا منصوبہ نہیں : راہول

کنیا کماری : کانگریس ایم پی راہول گاندھی نے آج کہا کہ بھارت جوڑو یاترا ایسی کوشش ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس سے گزشتہ برسوں میں ہوئے نقصان کا ازالہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ صدر پارٹی کے عہدہ کیلئے بے چین نہیں ہے ۔ ’’ چاہے میں صدر کانگریس بنوں یا نہیں ، ایک بات واضح ہے کہ تنظیمی انتخابات کے موقع پر سب صاف ہوجائے گا ۔ لیکن میں نے یہ فیصلہ کررکھا ہے کہ جو کچھ قوم کے مفاد میں کرنا ہے ، ضرور کروں گا اور اس میں مجھے کوئی الجھن نہیں ہے ‘‘۔ راہول نے 2024 ء کے عام انتخابات کو ملحوظ رکھتے ہوئے جاری کانگریسی بھارت جوڑو یاترا کے دوران پارٹی سربراہ کے اہم معاملہ پر ان خیالات کااظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس یاترا کا بنیادی مقصد یہ سمجھنا ہے کہ بنیادی سطح پر کیا کچھ ہورہا ہے اور بی جے پی ۔ آر ایس ایس کے سبب ملک و قوم کو پیش آئے نقصان کو ختم کرنا ہے ۔ کیرالا کے لوک سبھا حلقہ وائناڈ کے نمائندہ کانگریس لیڈر نے بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ تمام جمہوری اداروں پر کنٹرول حاصل کرنے کوشاں ہیں اور اس کے لئے تمام حربے استعمال کررہی ہے ۔ راہول نے کہا کہ ہمارے لئے یہ یاترا عوام کے ساتھ جڑنے کا موقع ہے ۔ ہم نے یہ یاترا بی جے پی کی آئیڈیالوجی جس نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے ، اور اس کی نفرت کی پالیسی کے خلاف شروع کی ہے ۔ بی جے پی نے ملک کے تمام جمہوری اداروں کا کنٹرول عملاً حاصل کرلیا ہے اور ان کے ذریعہ خاص طور پر اپوزیشن کو دبایا جارہا ہے ۔ سیاسی پارٹی کی حیثیت سے ہمیں ان سے کوئی خوف نہیں ۔ لڑائی اب ہندوستانی مملکت کے ڈھانچہ اور اپوزیشن کے درمیان ہورہی ہے ۔ راہول نے صاف طور پر کہا کہ یہ لڑائی دو مختلف نظریات کے درمیان ہورہی ہے ۔ ہندوستان کے دومختلف ویژن ہوگئے ہیں ۔ ایک ویژن بے لچک اور دوسروں پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش پر مبنی ہے جبکہ دوسرا ویژن سیکولر اور پرامن بقائے باہم کی پالیسی والا ہے ۔ یہ لڑائی جاری رہے گی ۔ کانگریس نے بھارت جوڑو یاترا کے آج تیسرے دن اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے ٹاملناڈو میں ضلع کنیاکماری کے ناگر کوائل سٹی کا احاطہ کیا ۔ یہ یاترا کنیا کماری سے کشمیر تک تقریباً 150 دن چلے گی ۔