ہم جموں وکشمیر کو مشکلات سے باہر نکالنے کوشاں ہیں :فاروق عبداللہ

   

سرینگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ دشمنوں کی سرگرمیوں کے باوجود ہم جموں وکشمیر کو مشکلات کے بھنور سے باہر نکالیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک خواتین کو اپنے حقوق نہیں ملتے تب تک ملک مضبوط نہیں ہوسکتا ہے ۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار چہارشنبہ کو یہاں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں ’’وومن لیڈرز کنکلیو‘‘کی تقریب پر نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔ جموں وکشمیر اسمبلی میں ہنگامے کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیشہ رہتے ہیں لیکن ہمیں جو کام کرنا ہے ہم وہ کریں گے اور جموں و کشمیر کو مشکل سے باہر نکالیں گے ۔ان کا کنکلیو کے بارے میں کہنا تھا کہ جب تک ہماری بہنیں اپنے تمام حقوق حاصل نہیں کریں گی تب تک ملک مضبوط نہیں ہوسکتا ہے ، وقت آگیا ہے کہ ان کو اپنے تمام حقوق دیے جائیں اور پارلیمنٹ میں جو ان کے لئے بل پاس کیا گیا ہے اس پر کارروائی کی جائے۔