ہم خیال جماعتوں کے اتحاد سے بی جے پی خوفزدہ: جینت راج

   

پٹنہ : جے ڈی یو ہیڈکوارٹر میں آج منعقد عوامی سماعت کے پروگرام میں بہار حکومت کے دیہی ترقی کے وزیر شرون کمار اور چھوٹے آبی وسائل کے وزیر جینت راج نے ریاست کے تمام اضلاع سے آئے لوگوں کے مسائل سننے کے بعد فوری حل کے لیے حکام کو ضروری ہدایات دیں۔پروگرام کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دیہی ترقی کے وزیر شرون کمار نے کہا کہ ریاست کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی ہدایت پر پارٹی ہیڈکوارٹر میں عوامی سماعت کا پروگرام منعقد کیا جاتا ہے ۔ اس پروگرام کے ذریعے ریاست بھر سے آئے ہوئے لوگوں کے مسائل سننے کے بعد متعلقہ حکام کوضابطے کے مطابق ان کے ازالے کے لیے ہدایات بھی دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سماعت کے پروگرام کے تئیں عام لوگوں کے ذہنوں میں اعتماد اور بھروسے کا جذبہ پیدا ہوا ہے کیونکہ یہاں سے بہت سے لوگوں کے مسائل حل ہوئے ہیں۔ صحافیوں کے ذریعہ پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مسٹر شرون کمار نے کہا کہ حکومت مجرمانہ واقعات میں ملوث سماج دشمن لوگوں کے ساتھ بہت سختی سے نمٹ رہی ہے ۔ جرم کرنے کے بعد کوئی مجرم اس وہم میں نہ رہے کہ وہ قانون کی گرفت سے بچ جائے گا۔ بی جے پی کی طرف سے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ بہار کی فکر کرنے کے بجائے بی جے پی کو بتانا چاہئے کہ منی پور، ہریانہ، اتر پردیش میں موجودہ صورتحال کے ذمہ دار کون ہیں؟ وزیر داخلہ امت شاہ کے آر جے ڈی اور جے ڈی یو اتحاد کے بارے میں دیے گئے بیان پر، وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے بھی ہم وطنوں سے ہر سال 2 کروڑ سرکاری نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، ہر ایک کے کھاتوں میں 15 لاکھ روپے بھیجنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی، لیکن مودی حکومت بننے کے بعد جب میڈیا نے اس کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے اسے جملہ قرار دیا۔
ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے جملے استعمال کرنے والوں کو 2024 میں صرف ملک کے عوام ہی سبق سکھانے کا کام کریں گے ۔ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک انتخابات کے دوران بجرنگ بلی کے نام کا استعمال کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن بجرنگ بلی کو یہ بھی معلوم ہوگیا کہ بی جے پی والے ہمارے فرضی بھکت ہیں، اس لیے انہوں نے کرناٹک انتخابات میں پوری طرح سے بی جے پی کا صفایا کر دیا۔