ہم دوسال میں نکسل ازم کو جڑ سے اکھاڑ دیںگے: شاہ

   

کوربا : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے چہارشنبہ کو کہا کہ اگر نریندر مودی تیسری بار وزیر اعظم بنتے ہیں تو ہم دو سال میں نکسل ازم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔امیت شاہ نے کوربا ضلع کے کٹگھورا میں کوربا لوک سبھا کی بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار سروج پانڈے کے حق میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ کانگریس پر نکسل ازم کو فروغ دینے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھوپیش بگھیل کی کانگریس حکومت میں نکسل ازم کو فروغ دیا گیا۔ لیکن جب سے ریاست میں وشنو دیو سائی کی قیادت میں ہماری بی جے پی کی حکومت بنی ہے ، صرف چار مہینوں میں 95 نکسلی مارے گئے جب کہ 350 لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور بہت سے لوگوں نے ہتھیار ڈال دیے ۔امیت شاہ نے کہا، “میں کہنا چاہتا ہوں کہ مسٹر نریندر مودی نے پانچ سال میں بہار، جھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش سے نکسل ازم کا خاتمہ کیا۔ چھتیس گڑھ رہ گیاتھا کیونکہ وہاں بھوپیش بگھیل کی کانگریس حکومت تھی، لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ مسٹر مودی کو تیسری بار وزیر اعظم بنائیں اور ہم دو سال میں نکسل ازم کو جڑ سے ختم کردیں گے ۔امیت شاہ نے جلسہ عام میں کانگریس پر سخت نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو صرف ووٹ بینک کی سیاست کرنی ہے ۔ اسے صرف اقلیتوں کی فکر ہے ۔ انہیں رام للا کی پران پرتیشٹھا کا دعوت نامہ بھیجا گیا، لیکن انہوں نے اسے بھی ٹھکرا دیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کا ایک ہی منتر ہے ، جھوٹ بولو، بار بار بولو۔ اب کانگریس کا کہنا ہے کہ اگر مودی جی وزیر اعظم بنتے ہیں تو وہ ریزرویشن ختم کر دیں گے ۔ دس سال مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت رہی جس میں ہم نے آرٹیکل 370، دہشت گردی اور نکسل ازم کو ختم کیا۔ جب تک ایک بھی بی جے پی ایم پی ہے ، ریزرویشن ختم نہیں ہونے دے گا۔