ہم زلف کے حملہ میں ایک شخص کی موت،خاتون کی شکایت پر پولیس مصروف تحقیقات

   

حیدرآباد۔/12 جولائی، ( سیاست نیوز) عطا پور علاقہ میں ایک شخص اپنے ہم زلف کی مبینہ مارپیٹ کے سبب فوت ہوگیا۔ عطا پور حدود میں خواجہ ہوٹل کے قریب کل رات یہ واردات پیش آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 38 سالہ اے نثار احمد جو چنتل میٹ علاقہ کا ساکن تھا کل رات ایک حملہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ علاج کے دوران موت سے قبل نثار احمد نے اپنی بیوی تبسم کو حملہ کرنے والوں کے بارے میں بتایا تھا جو خود تبسم کا بہنوائی نکلا۔ تبسم نے اپنے بہنوائی فیروز کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔ عطا پور پولیس نے یہ بات بتائی۔ پولیس ذرائع کے مطابق رشتہ دار کی ایک تقریب میں نثار احمد بیوی اور بچوں کے ساتھ شریک ہوا اور اس تقریب میں فیروز بھی اپنی فیملی کے ساتھ شریک تھا۔ نثار اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ مئے نوشی کررہا تھا فیروز نے اس کی تصویرکشی کرتے ہوئے تبسم کو بتایا جس کے بعد میاں بیوی میں معمولی بحث و تکرار ہوئی ۔ جاریہ ماہ کی 6 تاریخ کو تقریب تھی ۔ گذشتہ روز فیروز نے نثار کو فون کرکے طلب کیا جو خواجہ ہوٹل پہنچا جہاں مبینہ طور پر نثار کو شدید مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔ تبسم کو فیروز نے فون پر اطلاع دی کہ نثار کو کسی نے شدید زخمی کردیا ہے اور اس کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ تبسم جب ہاسپٹل پہنچی تو نثار نے علاج کے دوران تبسم کو سارا واقعہ سنایا اور فوت ہوگیا۔ عطا پور پولیس نے تبسم کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ۔ع
ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع