’’ہم سونار بنگلہ‘‘ بنائیں گے : وزیراعظم مودی

,

   


’’چیف منسٹر ممتا بنرجی نے عوام کو دھوکہ دیا ، بھتیجے کو مسلط کردیا ‘‘
کولکاتا : وزیراعظم نریندر مودی نے آج مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کیلئے مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے چیف منسٹر ممتا بنرجی پر سخت تنقید کی اور کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو ’’ہم سونار بنگلہ‘‘ کی تعمیر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے ریاست میں تبدیلی لانے کا جو وعدہ کیا تھا، اس کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے عوام کو دھوکہ دیا ہے اور اعتماد کو توڑا ہے۔ وزیراعظم نے کولکتہ کے بریگیڈ میدان میں بی جے پی کی عظیم ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سونار بنگلہ‘‘ کا خواب پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کی ترقی، سرمایہ کاری، بنگال کی ثقافت کی حفاظت اور تبدیلی کو یقینی بنانے کا وعدہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 25 سال بنگال کیلئے بہت ہی اہم ہیں جب ہندوستان 100 واں یوم آزادی منائے گا۔ اس وقت بنگال ملک کی قیادت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں جمہوریت تباہ ہوچکی ہے۔ آج عوام میں پولیس اور انتظامیہ کا اعتماد ہوچکا ہے۔ ہم وعدہ کرتے ہوئے عوام کے اعتماد کو بحال کریں گے۔ اقرباء پروری اور خاندانی حکمرانی کا سلسلہ ختم کیا جائے گا۔ ممتا بنرجی کی تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ عوام نے دیدی کو منتخب کیا تھا مگر دیدی نے بھتیجے کو مسلط کردیا۔