قاہرہ : مصر نے مستقبل میں غزہ کی پٹی کے انتظامی امور چلانے کے حوالے سے کسی بھی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔العربیہ نیوز کے ذرائع کے مطابق مصر نے باور کرایا ہے کہ غزہ کو فلسطینی ہی چلائیں گے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ مصر نے اہل غزہ کی ہجرت کے بغیر اس کی تعمیر نو پر زور دیا ہے۔اس سے قبل اسرائیلی اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر اعظم یائر لیپڈ نے کہا تھا کہ ”حل یہ ہے کہ مصر آٹھ برس کے لیے غزہ کی پٹی کے انتظامی امور سنبھال لے، اس مدت کو 15 برس تک بڑھانے کا اختیار بھی ہونا چاہیے”۔واشنگٹن میں ایک تحقیقی مرکز کے سیمینار میں لیپڈ نے مزید کہا کہ ”اسی دوران میں عالمی برادری اور علاقائی اتحادیوں کی جانب سے (مصر کا) بیرونی قرضہ ادا کر دیا جائے گا”۔لیپڈ کی تجویز میں یہ بات شامل ہے کہ مصر اس ”امن فورس” کی قیادت کرے جس میں عالمی برادری اور عرب ممالک بھی شامل ہوں۔ اس کا مقصد 15 ماہ سے زیادہ کی جنگ کے بعد تباہ حال غزہ کی پٹی کو چلانا اور اس کی تعمیر نو ہو گا۔ یہ جنگ سات اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے غیر معمولی حملے کے نتیجے میں چھڑی تھی۔اسرائیلی اپوزیشن لیڈر کے مطابق ”اس عرصے کے دوران میں خود مختار انتظامیہ کے لیے حالات ساز گار بنائے جائیں گے اور غزہ کی پٹی کو مکمل طور پر ہتھیاروں سے پاک کرنے کی کارروائی انجام دی جائے گی”۔