ہم مرجائیں گے ، گجرات میں پھنسے اے پی کے ماہی گیروں میں ڈر

   

حیدرآباد 23 اپریل (یو این آئی) اے پی کے ضلع سریکاکلم کے ڈی مچیالم سے تعلق رکھنے والا 22سالہ کے راجو نے گذشتہ سال مئی میں گھر چھوڑدیاتھا۔پیشہ کے اعتبارسے ماہی گیر راجو گجرات آگیا تھا تاکہ وہ مغربی ساحل پر کام کرسکے ۔22اپریل کو وہ کشتی کے کیبن میں مردہ پایاگیا۔اس کے ساتھ رہنے والوں نے کہا کہ وہ 22مارچ سے تناو کا شکار تھا جب سے لاک ڈاون کا اعلان کیاگیا تھا۔راجو، ان 6000 ہزار ماہی گیروں میں سے ایک ہے جن کا تعلق اے پی کے وجیانگرم اور سریکاکلم کے مختلف مواضعات سے ہے ۔یہ تمام گجرات کے ورار میں پھنسے ہوئے ہیں۔ایک ماہی گیر کی جانب سے پوسٹ کردہ ویڈیو میں دکھایاگیا ہے کہ ماہی گیروں کا ایک بڑا طبقہ راجو کی لاش کے قریب ہے ۔اس گروپ میں شامل ایک شخص کا کہنا ہے کہ اس کی موت کم عمر میں ہوگئی اور وہ اپنی نوزائیدہ بچی کو بھی نہیں دیکھ پایا۔کئی ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ وہ نامناسب غذا،سینی ٹیشن کے مسائل اور اجرتوں کی عدم ادائیگی کا شکار ہیں۔ان ماہی گیروں میں سے ایک خاتون کا کہنا ہے کہ ہر گذرتے دن کے ساتھ مشکلات بڑھ رہی ہیں۔اور اس بات کا ڈر و خوف ظاہر کیاکہ لاک ڈاون کے اختتام تک ہم تمام مرجائیں گے ۔