نئی دہلی۔10جون (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈوین براوو نے نسلی تعصب پسندی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم انتقام نہیں چاہتے، ہمارے ساتھ مساوی سلوک ہو اور ہمیں عزت واحترام چاہئے ۔ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کے آئی پی ایل میں ان کے خلاف نسل پرستانہ جملوں کے انکشاف کے بعد اس معاملے پر بحث شروع ہوگئی ہے ۔یاد رہے کہ امریکہ میں46 سالہ سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ پولیس کی تحویل میں تھا اور ایک اہلکار نے اس کی گردن پر اپنا گھٹنہ رکھا تھا جس کی وجہ سے وہ بعد ازاں دم توڑگیا تھا جس کے بعد کھیلوں کی دنیا میں نسلی امتیاز کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔امریکہ میں سیاہ فام شہری کے قتل کے بعد سے امریکہ سمیت دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اورکرکٹرز سمیت مختلف کھیلوں کی شخصیات اور ٹیمیں ان سلسلے میں آواز بلند کر چکی ہیں۔زمبابوے کے سابق فاسٹ بولرپومی ایمبنگا کے ساتھ انسٹاگرام پر براہ راست بات چیت کے دوران براوو نے نسلی تعصب پسندی پر بات کرتے ہوئے کہا دنیا میں جو ہورہا ہے اسے دیکھنا کافی تکلیف دہ ہے ۔ایک سیاہ فام شہری کی حیثیت سے میں اپنے لوگوں کی تاریخ جانتا ہوں ان کوکیا برداشت کرنا پڑا لیکن ہم کبھی بھی انتقام کی بات نہیں کرتے بلکہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ مساوی سلوک ہو اورہمیں عزت واحترام چاہئے ۔انہوں نے کہا میں چاہتا ہوں کہ ہمارے بہن بھائی جانیں کہ ہم کتنے مضبوط اور اچھے ہیں۔دنیا بھر کے رہنماؤں کو دیکھو ، چاہے نیلسن منڈیلا ، محمد علی یا مائیکل جارڈن ہمارے رہنما تھے جنہوں نے دنیا کو راستہ دکھایا۔انہوں نے مزید کہا لیکن اب بہت ہوا۔ہم مساوی سلوک اور عزت و احترام چاہتے ہیں۔ ہم انتقام یا جنگ نہیں چاہتے۔ ہم دنیا میں ایسے لوگوں کو پسند کرتے ہیں جیسے وہ ہیں اور یہی سب سے اہم بات ہے ۔ اس سلسلے میں سابق ویسٹ انڈیز کپتان ڈیرن سیمی اور ان کی ٹیم کے رکن کرس گیل نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے کرکٹ میں نسل پرستی اور سیاہ فام کرکٹرز سے روا رکھے جانے والے رویے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
تھوک پر پابندی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا :چہر
نئی دہلی۔10جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولردیپک چہر کا خیال ہے کہ تھوک سے گیند چمکانے پر پابندی سے کوئی اثر نہیں پڑے گا۔سابق ہندوستانی کپتان انل کمبلے کی سربراہی میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تکنیکی کمیٹی نے کورونا وائرس کی وجہ سے گیند پر پر بول پر تھوک کے استعمال پر پابندی کی تجویز پیش کی تھی ، جسے آئی سی سی نے منظورکرلیا تھا۔ چہرنے اسٹار اسپورٹس شوکرکٹ کنیکٹڈ میں کہا مجھے نہیں لگتا کہ اس کا ہم پر کوئی خاص اثر پڑے گا کیونکہ سفید گیندصرف دو اوور تک ہی سوئنگ کرتی ہے۔ اگر ہم ٹونٹی20 کے بارے میں بات کریں تو وکٹ صرف دو سے تین اوورز کے لئے ٹھیک ہے اورگیند تین اوورز تک سوئنگ کرتی ہے تو میرے خیال میںگیند کو چمکانے کی ضرورت اب کم پڑتی ہے ۔ تاہم ٹسٹ کرکٹ میں گیندکو چمکانا پڑتا ہے ۔