غزہ سٹی : غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بننے والی 10 سالہ بچی نادین عبدیل کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کو غمزدہ کردیا ۔ ویڈیو میں نادین عبدیل کو آنکھوں میں آنسو اور زار و قطار روتے دیکھا جاسکتا ہے جس میں وہ اسرائیلی ظلم و ستم پر آہ و بکا کررہی ہے ۔ ویڈیو میں 10 سالہ نادین ملبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دنیا کو بتارہی ہے کہ ’ میں بچپن سے ہی بیمار ہوں ‘ میں نہیں جانتی کہ مجھے کیا کرنا ہے ، میں کچھ نہیں کرسکتی ، اسے ٹھیک کریں ، میں صرف 10 سال کی ہوں ، میں ان سے نہیں نمٹ سکتی ۔ بچی کا کہنا تھا کہ ’ میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں تاکہ میں لوگوں کی مددکرسکوں لیکن میں یہ نہیں کرسکتی ، میں جو کچھ بھی دیکھتی ہوں اس کے لئے ہر روز روتی ہوں اور خود سے سوال کرتی ہوں کہ آخر کیوں ہم اس برتاؤ کے مستحق ہیں ؟ ہمیں اس کے لئے کیا کرنا چاہئیے؟میری فیملی مجھے کہتی ہے کہ چونکہ ہم مسلمان ہیں یہ لوگ صرف ہم سے نفرت کرتے ہیں اور ہمیں پسند نہیں کرتے ‘ بچی کا کہنا تھا کہ ’ یہ لوگ مسلمانوں کے ساتھ ایسا کیوں کرتے ہیں ؟ ویڈیو میں نادین نے اپنے اردگرد بچوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ میرے ارد گرد جتنے بچے بھی دیکھ رہے ہیں یہ صرف بچے ہیں ، آپ انہیں میزائل سے کیوں ماردیتے ہیں یہ ٹھیک نہیں ‘ ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس ویڈیو کو ’مڈل ایسٹ آئی‘ کی جانب سے 15 مئی کو شوٹ کیا گیا تھا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے ۔