حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) خدمات سے معطلی کے باوجود ساتھی عہدیدار کا رعب ڈال کر بلیک میل کرنے والے معطل شدہ انسپکٹر کو اے سی بی نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 5 لاکھ روپئے رشوت کی رقم ضبط کرلی۔ امین پور کے رئیل اسٹیٹ تاجر کی شکایت پر اے سی بی نے کارروائی کرکے معطل انسپکٹر پولیس ایم سائی وینکٹا کشور کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جو سی سی ایس سنگاریڈی سے وابستہ تھا۔ اے سی بی نے جال بچھا کر آج میور مارگ میاں پورہ سے اس معطل انسپکٹر کو گرفتار کرلیا۔ اے سی بی کے مطابق کشور نے شکایت گذار سے ایک کروڑ 50 لاکھ روپئے رشوت کی رقم کا مطالبہ کیا تھا جس نے پہلے ہی شکایت گزار سے 10 لاکھ روپئے حاصل کرلئے تھے اور باقی کی رقم کیلئے تاجر روی گوڑ کو بلیک میل کررہا تھا۔ ذرائع کے مطابق معطل انسپکٹر نے روی گوڑ کی جائیداد کے اصل دستاویزات کو رکھ لیا تھا اور اس کو یقین دلارہا تھا کہ وہ موجود امین پور سرکل انسپکٹر کے ذریعہ یہ دستاویزات حاصل کرلے گا جوکہ اس کا بیاچ میٹ ہے۔ سائی وینکٹا کشور نے روی گوڑ کو باقی کی ایک کروڑ 40 لاکھ روپئے رقم حوالے کرنے یا پھر امین پور میں موجود دو فلیٹ اس کے نام رجسٹرڈ کرنے دباؤ ڈال رہا تھا۔ اے سی بی نے آج اس معطل انسپکٹر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اے سی بی کو خصوصی عدالت میں پیش کردیا۔ع