ماونٹ موگانی۔12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میچ میں پانچ وکٹ کی شکست اور سیریز 0-3 سے گنوانے سے مایوس ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ ٹیم اس سے پہلے اتنا خراب کبھی نہیں کھیلی۔ نیوزی لینڈ نے ہندستان کو سیریز کے تیسرے اور آخری ونڈے میچ میں شکست دے کر پہلی مرتبہ ہندستان کو 3-0 سے کلین سویپ کیا۔ کوہلی نے اس شکست پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے اس سے پہلے کبھی اتنے خراب کھیل کا مظاہرہ نہیں کیا تھا ۔ کوہلی نے کہاکہ اگر اسکور لائن کو دیکھیں تو میچ اتنے خراب نہیں تھے۔ بیٹسمینوں نے مشکل حالات میں بہترین واپسی کی جو ہمارے لئے مثبت پہلو ہے لیکن جس طرح ہم نے فیلڈنگ اوربولنگ کی وہ ہمارے لئے کافی مایوس کن ہے اور اس طرح کی کارکردگی سے ہم میچ جیتنے کے بارے میں نہیں سوچ سکتے۔ ہم اس سیریز میں بالکل بھی جیت کے حقدار نہیں تھے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم نے پہلے کبھی اتنا خراب نہیں کھیلا۔کپتان نے اس سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نئے کھلاڑیوں کو ایک اچھا تجربہ قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ کھلاڑی اپنا کھیل دکھانے کے لئے محنت کر رہے ہیں لیکن یہ ماننا پڑے گا کہ نیوزی لینڈ نے ہمارے مقابلے میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کیوی ٹیم 3-0 سے جیت حاصل کرنے کی مکمل طور حقدار تھی۔ہندوستان نے ٹی 20 سیریز 5-0 سے جیتی تھی لیکن ونڈے سیریز میں کلین سویپ کرنے کے بعد اب اس کی توجہ 21 فروری کو شروع ہونے والی دو ٹسٹ میچوں کی سریز پر مرکوزہوگئی ہیں۔یادرہے کہ ہندوستانی ٹیم جس نے دورہ نیوزی لینڈ کا ٹی 20 میں 5-0 کے عالمی ریکارڈ مظاہروں کے ساتھ آغاز کیا تھا لیکن ونڈے سیریز میں اسے 3-0 کی منفی ریکارڈ بنانے والی شکست کا سامنا کرنا پڑاہے۔ونڈے سیریز میں ہندوستانی ٹیم کو جارحانہ اوپنر روہت شرما کے زخمی ہونے کا بھی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
