ہم نے ایسا عدالتی نظام پہلے کبھی نہیں دیکھا: راوت

   

ممبئی: ممبئی کے ‘کانجور مارگ میٹرو کار شیڈ’ کے معاملے میں بمبے ہائی کورٹ کی جانب سے چہارشنبہ کو دیئے گئے فیصلے کو ‘بدقسمتی’ سے تعبیر کرتے ہوئے رکنِ پارلیمنٹ اور شیو سینا کے ترجمانِ اعلیٰ سنجے راؤت نے یہ تبصرہ کیا کہ “آج کل عدالتیں کسی بھی معاملے میں دخل اندازی کرنے لگ گئی ہیں۔”عدالتوں کی جانب سے دخل در معقولات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سنجے راؤت نے اخبار نویسوں سے کہا کہ ‘کانجور مارگ میٹرو کار شیڈ’ کے معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے سیاست کی گئی اور اگر عدالت اس معاملے میں دخل نہ دیتی تو بہتر ہوتا۔سنجے راوت نے کہا کہ ” کانجور مارگ زمین مہاراشٹر کی ہے اور اس کے یہ دوسرے دعویدار کہاں سے آئے ہیں؟ عدالتیں آج کل کسی بھی معاملے میں مداخلت کرتی ہیں؛ اعلیٰ عدالت نے نچلی عدالت کو نظرانداز کرتے ہوئے قتل کے ایک ملزم کو ضمانت دی، حکومت کو ‘غیر قانونی’ قرار دیا جاتا ہے جب وہ غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتی ہے، ہم نے ایسا عدالتی نظام پہلے کبھی نہیں دیکھا۔”سنجے راؤت نے واضح کیا کہ کانجورمارگ اراضی ممبئی، مہاراشٹر اور ملک کی ترقی کے لئے درکار ہے اور “کوئی سیاستدان وہاں بنگلہ یا فارم ہاؤس بنانے نہیں جا رہا ہے۔”