رانچی۔23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان فاف ڈو پلیسی نے ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں 0-3 کے کلین سویپ کے بعد تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم نے ہر میچ میں زیادہ غلطیاں کیں جس سے انہیں یہ ناکامی ہاتھ لگی۔جنوبی افریقہ کو تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کے دومیچوں میں اننگز سے شکست کھانی پڑی ہے۔ رانچی میں اننگز اور 202 رنز کی شکست سے پہلے پونے میں اسے اننگز اور137 رنز سے شرمناک شکست ملی تھی۔ میچ کے بعد ڈوپلیسی نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ بہت ہی مایوس کن نتیجہ ہے۔ رانچی میچ کے آغاز میں ہم نے مثبت شروعات کی تھی لیکن پھر ہم غلطیاں کرتے چلے گئے۔ لیکن ہمیں ہندوستانی ٹیم کو بھی اس کارکردگی کا سہرا دینا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستانی کھلاڑی بہت ہی جارحانہ تھے اور ہر شعبہ میں ہم سے بہتر رہے۔ ہندوستان سے جیت پانا آسان نہیں ہے۔ سال 2015 کے بعد ہم نے اسپن ٹریک پر کھیلنے کی کافی تیاری کی تھی لیکن حریف مضبوط رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے ان پچوں پر سیکھنے کے لیے بہت کچھ تھا لیکن ہم نے بہت غلطیاںکی۔