نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ جب وہ پوچھتے ہیں کہ کانگریس نے اس ملک کو کیا دیا ہے تو اس کا سیدھا جواب یہی ہے کہ کانگریس نے 70 سال سے جمہوریت کو بچائے رکھا اسی لئے مودی ملک کے وزیر اعظم بن سکے ہیں۔ کھڑگے نے جمعرات کو یہاں تالکٹورہ اسٹیڈیم میں منعقدہ مہیلا کانگریس کے قومی کنونشن ‘پرتیگیا اجول بھارت کی’ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی بار بار سوال کرتے ہیں کہ کانگریس نے 70 برسوں میں کیا کیا جبکہ دیگر کئی پارٹیوں کی اس عرصے میں حکومت رہی ہے لیکن وہ اکثر کانگریس سے سوال پوچھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی بولتے ہیں کانگریس نے 70 سالوں میں کیا کیا؟ ہم نے جمہوریت اور آئین کو بچاکر رکھا، اسی لیے آپ وزیراعظم بن سکے۔ اگر کانگریس جمہوریت کا تحفظ نہ کرتی تو مودی ملک کے وزیر اعظم نہ بن پاتے اور وہ گجرات میں ہی رہتے۔