سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ ہم نے حد بندی کمیشن کو سرے سے ہی مسترد کردیاہے لہذا ہمیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ اس کے بارے میں عدالت کا کیا فیصلہ آتا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ اسمبلی نشستوں میں از سر نو حد بندی در اصل انتخابات میں دھاندلی کا ایک عمل ہے جو الیکشن سے پہلے انجام دیا جاتا ہے ۔ عدالت عظمیٰ نے پیر کو جموں وکشمیر میں اسمبلی اور پارلیمانی نشستوں کی از سر نو حد بندی کو چیالنج کرنے والی عرضی کو خارج کر دیا۔محبوبہ مفتی نے اس سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں جنوبی کشمیر کے قصبہ بجبہاڑہ میں میڈیا کو بتایا کہ ہم نے حد بندی کمیشن کو سرے سے ہی مسترد کیا ہوا ہے اس کے بارے میں کیا فیصلہ آتا ہے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا’۔انہوں نے کہا کہ دفعہ370 اور تنظیم نو ایکٹ پہلے ہی عدالت عظمیٰ میں زیر التواء ہیں تو اس پر فیصلہ کیسے دیا جاسکتا ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ حد بندی در اصل انتخابات میں دھاندلی کا ایک عمل ہے جو الیکشن سے پہلے ہی کیا جاتا ہے ۔