ہم نے دو دن مانگے تھے اب ہمارے پاس چھ ماہ ہیں : ادھو ٹھاکرے

,

   

ممبئی 12 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے آج کہا کہ ان کی پارٹی ‘ کانگریس اور این سی پی مل کر مہاراشٹرا میں تشکیل حکومت کا کوئی فارمولا تیار کرلیں گے ۔ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیوسینا نے بی جے پی کا مشکل وقت میں ساتھ دیا تھا ۔انہوں نے تردید کی کہ وہ 24 اکٹوبر سے ہی کانگریس و این سی پی سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے شیوسینا کے منتخب ارکان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور این سی پی سے انہوں نے صرف کل ہی بات کی ہے اور حکومت سازی کیلئے تائید طلب کی تھی ۔ ہم اس کا فارمولا تیار کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کانگریس و این سی پی کو اقل ترین مشترکہ پروگرام کی ضرورت ہے اس طرح ان کی پارٹی کو بھی تشکیل حکومت کیلئے اقل ترین مشترکہ پروگرام درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اب چھ ماہ ہیں۔ شیوسینا ‘ این سی پی اور کانگریس مل کر ایک اقل ترین مشترکہ پروگرام تیار کریں گے ۔ ہم تمام جماعتوں کے کئی مسائل پر مختلف نظریات ہیں تاہم ہم ان پر غور کرنے کے بعد حکومت سازی کا دعوی پیش کرینگے ۔