ہم نے دیانتداری کے ساتھ عوام کی خدمات انجام دی

   

کانگریس حکومت دو تا تین ماہ کی مہمان ، بودھن میں بی آر ایس قائد شکیل عامر کا ادعا

بودھن /6 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آر ایس پارٹی بودھن کے شکست خوردہ ا میدوار شکیل عامر نے بودھن میں منعقدہ پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی بودھن کی عوام نے انہیں دو مرتبہ خدمات انجام دینے کا موقع دیا تھا ۔ اس دوران انہوں نے مکمل دیانت داری کے ساتھ عوام کی خدمات انجام دی ۔ انتخابات میں ہار جیت تو لگی ہوتی ہے ۔ اگر اس دفعہ ہمیں ہار کا سامنا کرنا پڑا تو مایوس ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ بلکہ ہمیں عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر نظر رکھنا ہوگا ۔ شکیل عامر نے کہا کہ نو تشکیل ریاست تلنگانہ میں پہلی مرتبہ تشکیل دی جانے والی کانگریس پارٹی کی سرکار بمشکل صرف دو تا تین ماہ کی مہمان ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اقتدار کے خاطر کانگریس پارٹی قائدین کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف مہم چلاتے ہوئے متحدہ ریاست آندھراپردیش کی عزت نفس کو سارے ملک میں بے آبرو کردیا تھا ۔ شکیل عامر نے ادعاکیا کہ کے سی آر کی قیادت کے بغیر ریاست تلنگانہ میں کوئی بھی سرکار ٹک نہیں سکتی ۔ انہوں نے نومنتخب رکن اسمبلی بودھن سدرشن ریڈی کو ایک سنجیدہ قائد قرار دیا ۔ انہوں نے کانگریس دور حکومت میں بی آر ایس قائدین اور سرگرم کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سختی کے ساتھ نمٹنے کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے ان کے حق میں ووٹ استعمال کرنے والے رائے دہدندوں اور کارکنوں و قائدین سے اظہار تشکر کیا ۔ انتخابی نتیجہ کے اعلان کے بعد پہلی مرتبہ شکیل عامر کے دورہ بودھن کے موقع پر بعض پارٹی کارکن اشک بار ہوکر شکیل عامر سے گلے ملے ۔ اس اجلاس میں ضلع پریشد وائس چیرپرسن رجیتا یادو مارکٹ کمیٹی بودھن چیرمین وی آر دیسائی ایڈوکیٹ وائس چیرمین بلدیہ محمد سہیل صدر ٹاون کمیٹی رویندر یادو راجشیور نرسنگ راؤ سری رام بھوم ریڈی سنجیو پٹیل اور سرگرم کارکنوں کی کثیر تعداد نے اجلاس میں حصہ لیا ۔