ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے :آئی اے ای اے

   

واشنگٹن، 19 جون (یو این آئی) امریکی نیشنل انٹیلی جنس سربراہ کے بعد آئی اے ای اے کے سربراہ نے بھی ایران کی جانب سے ایٹمی ہتھیار بنانے کی تردید کردی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے سربراہ رافیل گروسی کا کہنا ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کر رہا تھا اور اے ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے ۔انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری ہتھیار بنانے کا ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے تاہم 60 فیصد یورینیم افزودہ کرنے پر شبہات تھے ، لیکن ہم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے ۔واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ ایران درحقیقت ‘‘خفیہ’’ طور پر جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے جس کے بعد 13 جون کو اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا۔لیکن امریکا کی قومی سلامتی کی ڈائریکٹر تُلسی گبارڈ نے مارچ 2025 میں کہا تھا کہ اُن کی انٹیلی جنس کے مطابق ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا بلکہ آیت اللہ خامنہ ای نے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کی اجازت ہی نہیں دی۔