لکھنؤ : سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو دعویٰ کیاکہ ایس پی زیرقیادت اتحاد کو حالیہ یوپی اسمبلی الیکشن میں 51.5 فیصد پوسٹل بیالٹس حاصل ہوئے اور یہ کہ پارٹی نے اِس اساس پر 304 نشستیں جیتی ہیں۔ اکھلیش نے ہندی ٹوئٹ میں کہاکہ ایس پی اتحاد کو 51.5 فیصد پوسٹل بیالٹ ووٹ حاصل ہونے کا مطلب ہے کہ ایس پی نے 304 نشستیں جیتی ہیں لیکن جو نتائج 10 مارچ کو جاری کئے گئے اُس میں کچھ اور ہی معاملہ ہے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق بی جے پی اتحاد نے 403 سیٹوں میں سے زائداز 270 نشستیں جیتے اور اِس طرح یوگی آدتیہ ناتھ کا اقتدار برقرار ہے۔ اکھلیش نے کہاکہ پوسٹل بیالٹس اور پارٹی کو مختلف اضلاع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اسمبلی الیکشن میں ایس پی زیرقیادت اتحاد جیتا ہے۔ ہر سرکاری ملازم، ٹیچر اور ووٹر کا شکریہ جنھوں نے اپنے پوسٹل بیالٹ ایس پی کے حق میں بھیجے ہیں۔ صدر ایس پی نے برسر اقتدار پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ دھوکہ سے کوئی طاقت حاصل نہیں ہوتی ہے۔ بی جے پی نے انفرادی طور پر 255 نشستیں جیتے ہیں۔