ہم چین کو موثر طریقے سے پسپا کریں گے : بومئی

   

بنگلورو: اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں ہندوستانی فوج اور چینی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تصادم پر کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے منگل کو کہا کہ اگر چین نے ہندوستانی علاقے میں گھسنے کی کوشش کی تو ہندوستان موثر طریقے سے کارروائی کرکے اسے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا جائے گا۔ بومئی نے کہا کہ مرکز کی موجودہ نریندر مودی حکومت پچھلی حکومتوں کی طرح نہیں ہے اور دفاعی دستے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ایسی کوئی تیاری نہیں تھی اور نہ ہی سابقہ لیڈروں کی طرف سے دفاعی فورسز کو کوئی ہدایات دی گئی تھیں۔ لیکن اب واضح ہدایات ہیں۔ ہندستانی فوج کو سڑکیں، پل اور دیگر سامان فراہم کر دیا گیا ہے ۔ ہم چین کو موثر طریقے سے پیچھے دھکیل دیں گے ۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری سی ٹی روی نے کہا کہ یہ 1962 کا ہندوستان نہیں ہے ، اس میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ 1962 کا ہندوستان نہیں ہے ۔ آج کا ہندوستان بہت مختلف ہے ۔ ہمارے پاس مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہے ۔ ان دنوں سیاسی لیڈروں میں منہ توڑ جواب دینے کی ہمت ہے ۔ ہماری مسلح افواج نے بھی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے اور بھرپور جواب دیا ہے ۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ان کی نئی دہلی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں توانگ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں معلومات دیں۔