ہم کاغذ نہیں دکھائیں گے مہم کا اثر

   

ایرہ گڈہ عوام کی چوکسی ‘ گیس کمپنی کا فرضی عملہ بے نقاب
حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز) شہر میں متنازعہ قانون کے خلاف شہریوں میں ایک مہم ’ ہم کاغذ نہیں دکھائیں گے ‘ شدت سے جاری ہے۔ اس مہم کے دوران آج سلطان نگر ایرہ گڈہ میں ایک واقعہ پیش آیا جہاں عوام نے گیاس کنکشن کے نام پر مسلمانوں کی تفصیلات حاصل کرنے والے چند افراد کو پکڑ لیا۔ جگتیال اور ورنگل کے بعد اب حیدرآباد میں اس طرح کے واقعات پیش آنے لگے ہیں جو شہریوں میں تشویش کا باعث ہیں۔ گیاس سلینڈر کنکشن کی جانچ کے نام پر ایچ پی گیاس کے نمائندے ظاہر کرکے 3 افراد سلطان نگر پہنچے جنہیں عوام نے روک لیا اور وضاحت طلب کی ۔ گیاس کنکشن کی جانچ کے نام پر پہنچے ان افراد نے دستاویزات کی مانگ کی اور جانچ کرنے لگے تاہم چوکس عوام نے انہیں روک لیا اور ان کی شناخت دریافت کی۔ آدتیہ ایچ پی گیاس انٹر پرائزس ، ایچ پی گیاس سے وابستگی کا انہوں نے شناختی کارڈ بتایا جس پر تصویر کسی کی اور نام کسی اور کا تھا۔ عوام نے کارڈ کے نقلی ہونے کا پردہ فاش کیا اور کارڈ پر چسپاں تصویر کو نکالا جو اصل تصویر پر دوسری چسپاں کی گئی تھی۔ ان افراد کی مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع ملتے ہی عوام مکانات سے نکل کر جمع ہوگئے تاہم بستی کے ذمہ دار افراد نے انہیں قابو میں کیا اور پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔ اضلاع کے بعد اب مختلف انداز میں خانگی افراد کی جانب سے سروے اور دستاویزات کی جانچ اور دستخط لینے کی کوشش شہر میں پہنچ گئی ہے۔ تاہم مسلمانوں کی متنازعہ قانون کے خلاف چوکسی نے اس سازش کو ناکام بنادیا۔ شہر میں ان دنوں ’ ہم کاغذات نہیں دینگے ‘ مہم جاری ہے اور اس مہم کو ہر گھر کی دہلیز تک پہنچانے رضاکارانہ طور پرکوششیں جاری ہیں۔ سلطان نگر عوام نے اس طرح کی حرکت پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور دوسرے علاقوں کی عوام سے خواہش کی کہ وہ چوکنا رہیں۔