ہم ہندوستان کو شکست دے سکتے ہیں : سری لنکا

   

چیسٹرلی اسٹریٹ ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم جو پہلے ہی ورلڈ کپ کی سیمی فائنل دوڑ سے باہر ہوچکی ہے لیکن اس کے آف اسپنر دھننجیا ڈی سلوا مانتے ہیکہ ہفتہ کو کھیلے جانے والے مقابلہ میں ان کی ٹیم 2011ء کی عالمی چمپئن ہندوستان کو شکست دے سکتی ہے۔ گذشتہ مقابلہ میں جو کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ہمالیائی اسکور کا مقابلہ تھا اس میں سری لنکائی ٹیم نے 23 رنز کی کامیابی حاصل کی لیکن اس کامیابی کے باوجود سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات عملاً ختم ہوچکے ہیں۔ لہٰذا اب ایشیائی ٹیم کی تمام تر توجہ ہندوستان کو شکست دیکر ٹورنمنٹ کا شاندار انداز میں اختتام کرنا ہے۔ سری لنکا نے ورلڈ کپ میں تین فتوحات حاصل کی ہیں اور اب اس کی نظریں میزبان انگلینڈ کو حیران کن شکست دینے کے بعد ہندوستان پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے گذشتہ 8 مقابلوں میں سری لنکا نے صرف ایک کامیابی حاصل کی ہے وہ بھی 2007ء کے آئی سی سی چمپئن ٹرافی میں اس نے 7 وکٹوں کی کامیابی حاصل کی تھی لیکن کل کا مقابلہ 2011ء ورلڈ کپ کا فائنل کا اعادہ ہوسکتا ہے جہاں ہندوستان نے سری لنکا کو ممبئی میں شکست دیتے ہوئے دوسری مرتبہ ورلڈ کپ حاصل کیا تھا۔ دریں اثناء 27 سالہ دھننجیا نے اعتراف کیا ہیکہ اب ان کی ٹیم کیلئے رواں ورلڈ کپ میں کوئی اعداد و شمار بچے نہیں ہے لہٰذا کھلاڑیوں کی تمام تر توجہ ہندوستان کو شکست دینے پر مرکوز ہوچکی ہے۔ یادرہے کہ سری لنکائی ٹیم جو پہلے ہی ورلڈ کپ کی دوڑسے عملاًباہر ہوچکی ہے وہ اب ہندوستان کوشکست دیکر ٹورنمنٹ کا کامیاب اختتام کرنے کی خواہاں ہے۔