ہند،سنگاپور کے درمیان صحت، مہارت اور سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

   

نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی) ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان بدھ کے روز منعقدہ وزارتی گول میز کانفرنس (آئی ایس ایم آر) میں دونوں فریقوں نے صحت کی دیکھ بھال، مہارت کے فروغ، ڈیجیٹل معیشت اور سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کے ماحولیاتی نظام میں ترقیاتی تعاون پر اتفاق کیا۔مرکزی وزیرِ خزانہ و کارپوریٹ امور نرملا سیتارمن نے اجلاس میں ہندوستانی وفد کی قیادت سنبھالی، جبکہ سنگاپور کے نائب وزیر اعظم اور وزیر تجارت و صنعت گان کم یونگ نے اپنے وفد کی باگ ڈور سنبھالی۔ہندوستانی وفد میں وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر، وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل، اور ریلوے ، الیکٹرانکس اور اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو بھی شامل تھے ۔وزارتِ خزانہ کے مطابق، دونوں فریقوں نے آئی ایس ایم آر کے تحت تعاون اور ہم آہنگی کے لیے طے شدہ چھ نقاط پر غور کیا جن میں ڈیجیٹائزیشن، مہارت کے فروغ، ماحولیاتی طور پر صحت مند ترقی کا راستہ، صحت اور طبی خدمات، جدید مینوفیکچرنگ اور روابط کو مستحکم بنانے جیسے موضوعات شامل ہیں۔